اپنا ووٹ ضرور ڈالیں، دوسروں کو بھی ترغیب دیں: وزیر اعظم مودی

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 11-11-2025
اپنا ووٹ ضرور ڈالیں، دوسروں کو بھی ترغیب دیں: وزیر اعظم مودی
اپنا ووٹ ضرور ڈالیں، دوسروں کو بھی ترغیب دیں: وزیر اعظم مودی

 



 نئی دہلی : وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کی صبح بہار کے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے کی ووٹنگ میں ریکارڈ بنائیں۔ایکس پر پیغام میں وزیر اعظم نے نوجوان اور پہلی بار ووٹ دینے والے ووٹروں سے کہا کہ وہ اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں اور دوسروں کو بھی ایسا کرنے کی ترغیب دیں۔

انہوں نے لکھا، "آج بہار اسمبلی انتخابات کے دوسرے اور آخری مرحلے کی ووٹنگ ہو رہی ہے۔ میری تمام ووٹروں سے اپیل ہے کہ بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور ووٹنگ کا نیا ریکارڈ قائم کریں۔ ریاست کے ان نوجوان ساتھیوں سے خاص اپیل ہے جو پہلی بار ووٹ دینے جا رہے ہیں کہ وہ نہ صرف خود ووٹ ڈالیں بلکہ دوسروں کو بھی اس کے لیے اُبھاریں۔"

بہار میں دوسرے مرحلے کی ووٹنگ کے لیے تمام انتظامات مکمل ہیں۔ اس مرحلے میں حکمراں این ڈی اے اور اپوزیشن مہاگٹھ بندھن کے کئی سینئر لیڈروں سمیت 1302 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ ہونا ہے۔

پہلے مرحلے میں ریاست میں 65.08 فیصد ریکارڈ ووٹنگ ہوئی تھی، جسے تمام سیاسی جماعتوں — بشمول "جن سوراج" — نے اپنے حق میں قرار دیا تھا۔

دوسرے مرحلے میں 3.70 کروڑ ووٹر 122 اسمبلی حلقوں میں ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں۔ یہ مرحلہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی کابینہ کے 12 وزیروں کی قسمت کا فیصلہ کرے گا۔

ان میں جے ڈی (یو) کے وجیندر یادو (سپاول)، لیسی سنگھ (دھمدہا)، جینت کُشواہا (امراپور)، سمت سنگھ (چکائی)، محمد جما خان (چین پور) اور شیلا منڈل (پھولپراس) شامل ہیں۔

بی جے پی کے وزیروں میں پریم کمار (گیا)، رینو دیوی (بیتیا)، وجے کمار منڈل (سکٹی)، نیتیش مشرا (جھنجھارپور)، نیرو ببلو (چھٹا پور) اور کرشن نندن پاسوان (ہر سِدھی) شامل ہیں۔

اہم حلقوں میں سسارام، امام گنج، موہنیا، بیہ پور، گوپال پور، پیرپینتی، بھاگلپور، سلطان گنج اور ناتھ نگر شامل ہیں۔

بہار اسمبلی انتخابات کا پہلا مرحلہ حال ہی میں مکمل ہوا، جب کہ 122 نشستوں پر ووٹنگ 11 نومبر کو دوسرے مرحلے میں ہو رہی ہے۔ انتخابات کے نتائج 14 نومبر کو اعلان کیے جائیں گے۔