نئی دہلی
بہار حکومت کے شہری ترقیات اور ہاؤسنگ محکمہ نے گزشتہ ماہ وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری کے بکسَر دورے کے دوران سکیورٹی انتظامات میں مبینہ سنگین لاپروائی اور کوتاہی کے الزام میں بکسَر نگر پریشد کے ایگزیکٹو آفیسر (ای او) کمار رتوک کو معطل کر دیا ہے۔شہری ترقیات اور ہاؤسنگ محکمہ کی جانب سے 22 جون 2026 کو جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، کمار رتوک کو فوری اثر سے معطل کیا گیا ہے۔
یہ کارروائی 23 مئی کو وزیر اعلیٰ کے بکسَر دورے کے دوران سکیورٹی انتظامات میں مبینہ سنگین غفلت اور سینئر افسران کی ہدایات کی خلاف ورزی کے الزامات کے تحت کی گئی ہے۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ 23 مئی کو بکسَر کے دورے پر آئے تھے۔ اس دوران ان کا ہیلی کاپٹر قلعہ میدان میں لینڈ نہیں کر سکا۔ معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ (اے ڈی ایم) کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔ کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں سکیورٹی انتظامات میں ہونے والی کوتاہی کا ذمہ دار ایگزیکٹو آفیسر کو قرار دیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق:ایگزیکٹو آفیسر اپنے سرکاری فرائض کی انجام دہی میں ناکام رہے، انہوں نے لاپروائی برتی، اعلیٰ افسران کے احکامات کی خلاف ورزی کی اور وزیر اعلیٰ کی سکیورٹی میں سنگین چوک کے مرتکب پائے گئے۔
بکسَر کے ضلع مجسٹریٹ کی جانب سے موصولہ رپورٹ کی بنیاد پر محکمہ نے قرار دیا کہ ایگزیکٹو آفیسر کے خلاف عائد الزامات سنگین نوعیت کے ہیں۔ ان کا طرزِ عمل بہار سرکاری ملازمین ضابطۂ اخلاق 1976 کے قواعد 3 (1)، (2) اور (3 کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ تمام حقائق پر غور کرنے کے بعد بہار سرکاری ملازمین (درجہ بندی، کنٹرول اور اپیل) قواعد 2005 کے قاعدہ 9(1) کے تحت کمار رتوک کو آئندہ احکامات تک فوری اثر سے معطل کیا جاتا ہے۔