مودی کی ریلی کو لے کر بنگال میں جوش و خروش

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 14-03-2026
مودی کی ریلی کو لے کر بنگال میں جوش و خروش
مودی کی ریلی کو لے کر بنگال میں جوش و خروش

 



کولکتہ
وزیر اعظم نریندر مودی آج مغربی بنگال کے دورے پر ہیں۔ اس موقع پر بی جے پی کارکنان میں زبردست جوش و خروش دیکھا جا رہا ہے۔ ریاست کے مختلف علاقوں سے بڑی تعداد میں کارکن کولکتہ کے لیے روانہ ہو چکے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم مودی بریگیڈ ریلی سے خطاب کرنے آ رہے ہیں اور وہ انہیں سننے کے لیے وہاں جا رہے ہیں۔
مغربی بنگال کے بشیرہاٹ، کانتھی، درگاپور اور سندربن علاقوں سے بھی تصاویر سامنے آئی ہیں، جن میں بی جے پی کارکن ہاتھوں میں بینر اور پارٹی کے جھنڈے اٹھائے ریلی میں شرکت کے لیے روانہ ہوتے نظر آ رہے ہیں۔ کانتھی اور درگاپور سے بی جے پی کارکن اور حامی وزیر اعظم مودی کی ریلی میں شرکت کے لیے بریگیڈ پریڈ گراؤنڈ کی جانب روانہ ہوئے۔ادھر سندربن کے دور دراز علاقوں جیسے ساگر، نامخانہ اور پتھر پرتیمہ سے بھی بی جے پی کارکن اور حامی کشتیوں کے ذریعے دریاؤں کو عبور کر کے کولکتہ پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔
بسوں اور کشتیوں کے ذریعے کولکتہ پہنچے
بشیرہاٹ کے مختلف علاقوں سے بی جے پی کارکن بسوں اور کشتیوں میں سوار ہو کر وزیر اعظم مودی کو سننے کے لیے کولکتہ پہنچ رہے ہیں۔ بشیرہاٹ کے ایک بی جے پی کارکن نے کہا كہ ہم سندربن کے راستے کشتی سے جا رہے ہیں کیونکہ وزیر اعظم مودی بریگیڈ ریلی میں آ رہے ہیں۔ ہم انہیں سننے کے لیے وہاں جا رہے ہیں۔
ایک اور بی جے پی حامی نے کہا کہ مختلف علاقوں اور برادریوں کے لوگ اس ریلی میں شرکت کے لیے ایک ساتھ جمع ہو رہے ہیں۔
کروڑوں روپے کے منصوبوں کا افتتاح کریں گے
ادھر وزیر اعظم کے کولکتہ دورے کے حوالے سے بی جے پی رہنما دلیپ گھوش نے کہا کہ ہر بڑے انتخاب سے پہلے وزیر اعظم ریاست کا دورہ کرتے ہیں۔ ان کے مطابق بی جے پی اکثر حالات کے مطابق دوسری جماعتوں کے ساتھ اتحاد بھی کرتی ہے اور اگر مناسب اتحاد نہ ملے تو پارٹی اکیلے ہی انتخاب لڑتی ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی ہفتہ کے روز کولکتہ میں تقریباً 18,680 کروڑ روپے کی ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔ ان منصوبوں میں سڑکوں کا بنیادی ڈھانچہ، ریلوے، بندرگاہ اور جہاز رانی سمیت کئی شعبے شامل ہیں۔
وہ امرت بھارت اسٹیشن اسکیم کے تحت مغربی بنگال میں ترقی یافتہ چھ ریلوے اسٹیشنوں کا بھی افتتاح کریں گے۔ وزیر اعظم مودی کے دوپہر تقریباً دو بجے کولکتہ پہنچنے کا پروگرام ہے۔