عیدکے دن امتحان:دہلی یونیورسٹی نے ہائی کورٹ کو دیا جواب

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 26-05-2026
عیدکے دن امتحان:دہلی یونیورسٹی نے ہائی کورٹ کو دیا جواب
عیدکے دن امتحان:دہلی یونیورسٹی نے ہائی کورٹ کو دیا جواب

 



نئی دہلی : دہلی یونیورسٹی نے منگل کے روز دہلی ہائی کورٹ کو بتایا کہ فیکلٹی آف لا کے وہ طلبہ جو 28 مئی کو عید الاضحیٰ (بقرعید) منائیں گے، انہیں 4 جولائی کے بعد دوبارہ مقرر کی جانے والی علیحدہ امتحان میں شرکت کی اجازت دی جائے گی۔ یہ یقین دہانی جسٹس جس میت سنگھ کے سامنے اس عرضی کی سماعت کے دوران کرائی گئی، جس میں ایک لا کے طالب علم نے یونیورسٹی کے اس فیصلے کو چیلنج کیا تھا کہ 28 مئی کو مرکز کی جانب سے عید الاضحیٰ کے موقع پر عام تعطیل کے اعلان کے باوجود امتحانات جاری رکھے جائیں گے۔

یونیورسٹی کی جانب سے دی گئی یقین دہانی کو ریکارڈ پر لیتے ہوئے عدالت نے ہدایت دی کہ متعلقہ طلبہ اگر دوبارہ مقرر امتحان سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں تو وہ ڈین، فیکلٹی آف لا کو ای میل کے ذریعے مطلع کریں۔ عدالت نے یہ بھی ہدایت دی کہ نئے امتحان کی تاریخ ایسے طلبہ کو امتحان سے کم از کم ایک ہفتہ پہلے ای میل کے ذریعے بتائی جائے۔ یہ عرضی سیف راشد سعید نامی طالب علم نے دائر کی تھی، جو دہلی یونیورسٹی کی فیکلٹی آف لا میں انٹیگریٹڈ لا کورس کے چھٹے سمسٹر کے طالب علم ہیں۔

طالب علم نے 25 مئی 2026 کے اس آفس میمورنڈم کو چیلنج کیا تھا، جس میں دہلی یونیورسٹی نے 28 مئی کو عید الاضحیٰ کے سبب تعطیل قرار دیا تھا، لیکن ساتھ ہی یہ بھی کہا تھا کہ امتحانات پہلے سے جاری شدہ شیڈول کے مطابق ہوں گے۔ عرضی میں خاص طور پر چھٹے سمسٹر انٹیگریٹڈ لا کورس کے طلبہ کے لیے 28 مئی کو مقرر "پبلک پالیسی اینڈ ایڈمنسٹریشن" کے امتحان کو ملتوی کرکے دوبارہ منعقد کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔

عرضی میں کہا گیا کہ حکومتِ ہند نے محکمہ پرسنل اینڈ ٹریننگ کے جاری کردہ آفس میمورنڈم کے ذریعے بقرعید کی تعطیل 27 مئی سے بدل کر 28 مئی کر دی تھی۔ عرضی میں یہ بھی بتایا گیا کہ سپریم کورٹ آف انڈیا نے بھی اپنی تعطیل 28 مئی منتقل کر دی اور اس تاریخ کے مقدمات کو 27 مئی پر پہلے ہی مقرر کر دیا۔

اس کے علاوہ نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) کی جانب سے بھی عید الاضحیٰ کے پیش نظر 28 مئی کو ہونے والے سی یو ای ٹی (یو جی) 2026 کے امتحانات ملتوی کیے جانے کا حوالہ دیا گیا۔ درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ تہوار کے دن امتحانات جاری رکھنا من مانی کارروائی ہے اور آئین کے آرٹیکل 14، 21، 25 اور 29 کی خلاف ورزی ہے، کیونکہ طلبہ کو عملاً امتحان دینے اور اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ مذہبی رسومات ادا کرنے کے درمیان انتخاب کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔