پاکستان میں بھی دہشت گرد نہیں بچ سکتے: کیجریوال

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 07-05-2026
پاکستان میں بھی دہشت گرد نہیں بچ سکتے: کیجریوال
پاکستان میں بھی دہشت گرد نہیں بچ سکتے: کیجریوال

 



نئی دہلی
اروند کیجریوال نے جمعرات کو "آپریشن سیندور" کی پہلی برسی پر ہندوستانی مسلح افواج کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے فوجیوں کی بہادری اور جرات کی تعریف کی۔ایکس پر ایک پوسٹ میں کیجریوال نے کہا کہ ہندوستانی فوج کی جرات نے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے اور ملک پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کو سخت پیغام دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ آپریشن سیندور کی پہلی برسی پر ہندوستانی فوج کے بہادر جوانوں کو میرا دل کی گہرائیوں سے سلام۔ آپ کی بے مثال بہادری نے قوم کا سر فخر سے بلند رکھا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس کارروائی نے یہ ثابت کر دیا کہ دہشت گرد، چاہے پاکستان میں چھپے ہوں، انہیں بخشا نہیں جائے گا۔کیجریوال نے کہا کہ آپ کی بہادری نے ان بزدل دہشت گردوں کو دکھا دیا کہ ہمارے ملک پر دہشت گرد حملے کرنے کا کیا انجام ہوتا ہے۔ پاکستان میں چھپے دہشت گرد بھی ہندوستان ماتا کے بہادر سپوتوں کے حملوں سے نہیں بچ سکتے۔
انہوں نے اپنی پوسٹ کا اختتام "جے ہند، جے ہندوستان" کے نعرے کے ساتھ کیا۔اس سے قبل وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی کہا تھا کہ "آپریشن سیندور" دہشت گردی کے خلاف ہندوستان کے مضبوط جواب اور قومی سلامتی کے تحفظ کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔آپریشن کے ایک سال مکمل ہونے پر وزیر اعظم نے پہلگام دہشت گرد حملے کے جواب میں ہندوستانی مسلح افواج کی جرات، درستگی اور پیشہ ورانہ صلاحیت کی تعریف کی۔
ایکس پر ایک پوسٹ میں وزیر اعظم مودی نے لکھا، "ایک سال پہلے ہماری مسلح افواج نے آپریشن سیندور کے دوران بے مثال جرات، درستگی اور عزم کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے پہلگام میں بے گناہ ہندوستانیوں پر حملہ کرنے والوں کو منہ توڑ جواب دیا۔ پوری قوم ہماری افواج کی بہادری کو سلام پیش کرتی ہے۔ آپریشن سیندور دہشت گردی کے خلاف ہندوستان کے مضبوط مؤقف اور قومی سلامتی کے تحفظ کے غیر متزلزل عزم کی علامت ہے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ اس آپریشن نے ہماری مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، تیاری اور باہمی تال میل کو بھی اجاگر کیا۔ ساتھ ہی اس نے دفاعی شعبے میں خود انحصاری کی جانب ہندوستان کی کوششوں سے حاصل ہونے والی طاقت کو بھی نمایاں کیا۔ آج ایک سال بعد بھی ہم دہشت گردی اور اس کے حامی نظام کو ختم کرنے کے اپنے عزم پر پہلے کی طرح قائم ہیں۔
اس دوران وزیر اعظم مودی نے فوجی کارروائی کی برسی پر ہندوستانی مسلح افواج کی جرات اور بہادری کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ایکس پر اپنی پروفائل تصویر بھی "آپریشن سیندور" میں تبدیل کر دی۔"آپریشن سیندور" 7 مئی 2025 کو پہلگام دہشت گرد حملے کے بعد شروع کیا گیا تھا، جس میں 26 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اس کے جواب میں ہندوستانی مسلح افواج نے پاکستان اور پاکستان کے زیر قبضہ جموں و کشمیر  میں دہشت گرد لانچ پیڈز پر حملے کیے تھے۔
سرکاری معلومات کے مطابق، اس آپریشن کے دوران ہندوستانی افواج نے لشکرِ طیبہ، جیشِ محمد اور حزب المجاہدین سے وابستہ نو بڑے دہشت گرد لانچ پیڈز تباہ کر دیے تھے، جن میں 100 سے زائد دہشت گرد مارے گئے۔
پاکستان نے اس کے جواب میں ڈرون حملے اور گولہ باری کی، جس کے نتیجے میں دونوں ممالک کے درمیان چار دن تک فوجی کشیدگی جاری رہی۔ہندوستان نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے لاہور میں ریڈار تنصیبات اور گوجرانوالہ کے قریب موجود مراکز کو نشانہ بنایا۔
بعد ازاں پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل آف ملٹری آپریشنز کی جانب سے ہندوستانی ڈی جی ایم او سے رابطہ کیے جانے کے بعد 10 مئی 2025 کو جنگ بندی معاہدہ طے پایا، جس کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی ختم ہو گئی۔