نئی دہلی/ آواز دی وائس
روہنی میں بدھ کی رات دیر گئے دہلی پولیس اور بہار پولیس کی مشترکہ ٹیم نے ایک انکاؤنٹر میں بہار کے چار بدنام زمانہ بدماشوں کو ہلاک کر دیا۔ یہ بدنامِ زمانہ سِگما گینگ کے رکن تھے۔ اطلاعات کے مطابق یہ گینگ آئندہ بہار اسمبلی انتخابات کے دوران کسی بڑی واردات کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔
پولیس اہلکاروں کے مطابق، مڈبھیڑ میں رنشن پاتھک، بمليش مہتو عرف بملیش سہنی، منیش پاتھک اور اَمن ٹھاکر مارے گئے۔ یہ چاروں بہار کے سیتامڑھی کے رہائشی تھے۔ پولیس کے مطابق ان کے خلاف بہار میں کئی قتل، ڈکیتی اور دیگر سنگین جرائم کے مقدمات درج تھے۔ اطلاعات کے مطابق، یہ گینگ بہار میں برہمشری سینا کے ضلعی سربراہ گنیش شرما، مدن شرما اور آدتیہ سنگھ کے قتل میں بھی ملوث تھا۔
دہلی اور بہار پولیس نے بچھایا تھا جال
پولیس کے مطابق، خفیہ اطلاع ملی تھی کہ گینگ کے ارکان بہار اسمبلی انتخابات سے پہلے کسی بڑی مجرمانہ کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ اس اطلاع کی بنیاد پر دہلی پولیس کرائم برانچ اور بہار پولیس کی مشترکہ ٹیم نے علاقے میں جال بچھایا۔ اہلکاروں نے بتایا کہ جب پولیس ٹیم نے مشتبہ افراد کو روکنے کی کوشش کی تو انہوں نے فائرنگ کر دی۔ پولیس نے بھی جوابی کارروائی کی جس کے باعث کچھ دیر تک شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔ چاروں ملزمان گولی لگنے سے زخمی ہوئے اور انہیں روہنی کے بی ایس اے اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔
آپریشن پر ڈی سی پی کرائم برانچ کی وضاحت
آپریشن کی تصدیق کرتے ہوئے ڈی سی پی کرائم برانچ سنجیو یادو نے کہا کہ دہلی میں رنشن پاتھک-منیش پاتھک گینگ کی سرگرمیوں کے بارے میں موصول ہونے والی معتبر معلومات کی بنیاد پر دہلی پولیس کرائم برانچ اور بہار پولیس کی مشترکہ ٹیم نے روہنی میں آپریشن کیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں چاروں مجرم ہلاک ہو گئے۔ یہ گینگ بہار میں متعدد سنگین جرائم میں مطلوب تھا۔ دہلی پولیس اور بہار پولیس کے سینئر افسران نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا۔ ملزمان رنشن اور بملیش اَمن کئی مقدمات میں مطلوب تھے۔ ان کے خلاف ڈُمرہ، چَورٹ، گہرا اور پورنہیا میں آرمز ایکٹ اور ہندوستانی ضابطہ فوجداری کی مختلف دفعات کے تحت کیس درج تھے۔
پولیس نے بتایا کہ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔