یوپی میں سائیکل چلانے اور پیدل چلنے پر زور

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 15-05-2026
یوپی میں سائیکل چلانے اور پیدل چلنے پر زور
یوپی میں سائیکل چلانے اور پیدل چلنے پر زور

 



نئی دہلی
وزیرِ اعظم نریندر مودی کی ایندھن بچانے اور کفایت شعاری اپنانے کی اپیل کے بعد اتر پردیش میں عوامی نمائندوں اور افسران نے ماحول دوست سفری ذرائع اختیار کرنے کی ایک منفرد مہم شروع کی ہے۔ سائیکل، ای رکشا اور عوامی ٹرانسپورٹ کے استعمال کے ذریعے لیڈر اور افسر نہ صرف اخراجات کم کر رہے ہیں بلکہ آلودگی گھٹانے کا پیغام بھی دے رہے ہیں۔
سماجوادی پارٹی (ایس پی) کے قومی صدر اور اتر پردیش کے سابق وزیرِ اعلیٰ اکھلیش یادو نے جمعہ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ اگر آگے بڑھنا ہے تو سائیکل ہی بہترین متبادل ہے۔
انہوں نے ایک کارٹون بھی شیئر کیا جس میں مودی کو یہ کہتے دکھایا گیا ہے کہ پٹرول کا خرچ کم کریں۔اسی کارٹون میں ایس پی سربراہ کو سائیکل چلاتے ہوئے دکھایا گیا ہے، جو کہہ رہے ہیں، ہم نے تو پہلے ہی کہا تھا کہ سائیکل سے بہتر کچھ نہیں۔
ان کا یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب مرکزی اور ریاستی حکومتیں پٹرول-ڈیزل کی کھپت کم کرنے اور زرمبادلہ بچانے پر زور دے رہی ہیں۔اسی مہم کے تحت رامپور سے بی جے پی رکنِ اسمبلی آکاش سکسینہ نے عملی قدم اٹھاتے ہوئے رامپور شہر میں آمد و رفت کے لیے تین ای رکشا خریدے ہیں۔ انہوں نے ’پی ٹی آئی-بھاشا‘ کو بتایا کہ ہر ای رکشا کی قیمت 1.37 لاکھ روپے ہے اور انہیں بدھ کے روز خریدا گیا۔
یہ ای رکشا شمسی توانائی سے چارج ہوتے ہیں اور ایک بار چارج ہونے پر تقریباً نو گھنٹے تک چلتے ہیں۔ سکسینہ نے کہا کہ یہ قدم وزیرِ اعظم نریندر مودی جی کی کفایت شعاری کی اپیل پر عمل کرتے ہوئے اٹھایا گیا ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پہلے ان کے قافلے میں 7 سے 8 گاڑیاں شامل ہوتی تھیں، جنہیں کم کرکے اب صرف دو کر دیا گیا ہے۔ لکھنؤ آنے جانے کے لیے بھی وہ ایک ہی ای گاڑی استعمال کرنے کی کوشش کریں گے۔
ریاست میں وزراء اور سینئر افسران نے بھی جمعرات کو اس مہم کو عملی شکل دی۔ اتر پردیش کے وزیرِ خزانہ سریش کمار کھنہ اپنے سرکاری رہائش گاہ سے سائیکل چلا کر دفتر پہنچے۔