نئی دہلی: سپریم کورٹ نے الیکشن کمشنرز کی تقرری سے متعلق 2023 کے نئے قانون کو چیلنج کرنے والی درخواستوں پر سماعت ملتوی کرنے سے واضح طور پر انکار کر دیا ہے۔ بدھ کے روز عدالتِ عظمیٰ نے مرکزی حکومت کی اس دلیل کو مسترد کر دیا جس میں سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے دیگر مصروفیات کا حوالہ دیتے ہوئے وقت دینے کی درخواست کی تھی۔
جسٹس دیپانکر دتہ اور جسٹس ستیش چندر شرما پر مشتمل بینچ نے کہا کہ یہ معاملہ ملک کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے سپریم کورٹ کو بتایا کہ وہ اس وقت سبریمالا مندر سے متعلق نو ججوں پر مشتمل بینچ کے سامنے مصروف ہیں۔ اس پر جسٹس دتہ نے کہا: "یہ معاملہ کسی بھی دوسرے موضوع سے کہیں زیادہ اہم ہے۔"
عدالت نے مرکز کو ہدایت دی کہ اس کے معاون وکلاء آج نوٹس لے لیں، تاہم سماعت کو روکا نہیں جائے گا۔ عدالت نے درخواست گزاروں کو ہدایت دی کہ وہ جمعرات تک اپنی بحث مکمل کریں۔ سی جے آئی نے خود کو الگ کر لیا اس سے قبل 20 مارچ کو چیف جسٹس آف انڈیا سوریا کانت نے اس مقدمے سے خود کو الگ کر لیا تھا۔
انہوں نے کہا تھا کہ چونکہ اس میں چیف جسٹس کو انتخابی کمیٹی میں شامل کرنے یا نہ کرنے کا سوال ہے، اس لیے مفادات کے ٹکراؤ کے باعث وہ اس بینچ کا حصہ نہیں رہیں گے۔ اس وقت سماعت جسٹس دیپانکر دتہ کی سربراہی میں جاری ہے۔ تنازع کی اصل وجہ کیا ہے؟ یہ تنازع دسمبر 2023 میں منظور کیے گئے اس قانون سے متعلق ہے جس نے چیف الیکشن کمشنر اور دیگر الیکشن کمشنرز کی تقرری کے طریقہ کار کو تبدیل کر دیا ہے۔
مارچ 2023 میں سپریم کورٹ نے حکم دیا تھا کہ تقرری کمیٹی میں وزیراعظم، اپوزیشن لیڈر اور بھارت کے چیف جسٹس شامل ہوں۔ تاہم نئے قانون میں چیف جسٹس کو نکال کر ان کی جگہ وزیراعظم کی جانب سے نامزد ایک کابینہ وزیر کو شامل کر دیا گیا ہے۔ درخواستوں میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اس سے الیکشن کمیشن کی خودمختاری متاثر ہوگی۔