نئی دہلی: الیکشن کمیشن نے جمعرات کے روز اعلان کیا ہے کہ 30 مئی سے 16 ریاستوں اور 3 مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں مرحلہ وار ووٹر لسٹ کی خصوصی جامع نظرثانی (SIR) شروع کی جائے گی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق اس مرحلے میں دہلی، اوڈیشہ، میزورم، سکم، منی پور، اتراکھنڈ، آندھرا پردیش، اروناچل پردیش، ہریانہ، چنڈی گڑھ، تلنگانہ، پنجاب، کرناٹک، میگھالیہ، مہاراشٹر، جھارکھنڈ، ناگالینڈ، تریپورہ، دادرا و نگر حویلی اور دمن و دیو شامل ہوں گے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ برفباری والے علاقوں یعنی ہماچل پردیش، جموں و کشمیر اور لداخ میں موسم کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے اس پروگرام کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ اس مرحلے کے دوران 3.94 لاکھ سے زائد بوتھ لیول افسران تقریباً 36.73 کروڑ ووٹروں کے گھروں پر جا کر معلومات جمع کریں گے۔
اس سے پہلے بہار، مغربی بنگال، تمل ناڈو، کیرالہ، پڈوچیری، اتر پردیش، راجستھان، مدھیہ پردیش، گجرات، چھتیس گڑھ، گوا، انڈمان و نکوبار جزائر اور لکشدیپ میں یہ عمل مکمل ہو چکا ہے۔ آسام میں اس عمل کے بجائے ایک “خصوصی نظرثانی” کی گئی تھی۔