ایک ایک درانداز کو چن چن کر باہر نکلیں گے۔ امت شاہ

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 21-11-2025
ایک ایک   درانداز  کو چن چن کر باہر نکلیں گے۔ امت شاہ
ایک ایک درانداز کو چن چن کر باہر نکلیں گے۔ امت شاہ

 



بھج۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جمعہ کو ملک کے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ انتخابی فہرستوں کی ملک گیر خصوصی جانچ کے عمل میں مکمل تعاون کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ عمل ملک اور جمہوریت کے تحفظ کے لئے ضروری ہے اور اسی کے ذریعے ہر ایک گھسپیٹئے کو ووٹر لسٹ سے نکالا جائے گا۔

امت شاہ نے بی ایس ایف کے اکسٹھویں یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس بات کو واضح کرنا چاہتے ہیں کہ ملک میں موجود ایک ایک گھسپیٹئے کو چن چن کر باہر کیا جائے گا۔ ان کے مطابق یہ ہمارا عہد ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ عمل ملک اور جمہوریت کے تحفظ کا حصہ ہے اور عوام کو اس میں ساتھ دینا چاہئے۔

انہوں نے بغیر کسی کا نام لئے کہا کہ کچھ سیاسی جماعتیں اس مہم کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ جبکہ بہار کے انتخابات نے پہلے ہی این ڈی اے کے حق میں عوامی رائے ظاہر کر دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض سیاسی جماعتیں گھسپیٹیوں کے تحفظ میں لگی ہوئی ہیں اور انتخابی فہرستوں کی صفائی کے عمل کی مخالفت کر رہی ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ عوام سب کچھ دیکھ رہے ہیں۔

امت شاہ نے کہا کہ انہیں پورا یقین ہے کہ انتخابی فہرستوں کی تطہیر کا عمل جمہوریت کو مضبوط کرے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اس عمل میں بھرپور تعاون کریں۔

اس موقع پر انہوں نے بی ایس ایف اور فوج کی بہادری کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن سندور کے دوران بی ایس ایف اور فوج کی جرأت کی وجہ سے پاکستان کو کچھ ہی دنوں میں یکطرفہ جنگ بندی کا اعلان کرنا پڑا۔ اس سے پوری دنیا کو واضح پیغام گیا کہ ہندوستان کی سرحدی اور سیکورٹی فورسز سے الجھنا آسان نہیں۔

بی ایس ایف دنیا کی سب سے بڑی سرحدی فورس ہے۔ اس میں دو لاکھ ستر ہزار سے زیادہ اہلکار خدمات انجام دے رہے ہیں۔ گزشتہ چھ دہائیوں سے یہ فورس ملک کی مضبوط سرحدی حفاظت کو یقینی بنا رہی ہے۔

اس وقت بی ایس ایف کے ایک سو ترانوے بٹالین اور سات آرٹلری رجمنٹ ہیں جو پاکستان اور بنگلہ دیش کی بین الاقوامی سرحدوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔ بی ایس ایف کی بنیاد انیس سو پینسٹھ میں ہندوستان پاکستان جنگ کے بعد رکھی گئی تھی۔ ابتدا میں اس کی پچیس بٹالین تھیں جو وقت گزرنے کے ساتھ بڑھتی گئیں تاکہ پنجاب۔ جموں و کشمیر اور شمال مشرقی علاقوں میں درپیش چیلنجوں کا مقابلہ کیا جا سکے۔