نئی دہلی: دہلی کے جامع مسجد علاقے میں عید کی تیاریوں زور و شور سے جاری ہیں۔ بازاروں میں بھیڑ ہے، دکانوں پر خریداری ہو رہی ہے اور لوگوں میں تہوار کا جوش صاف دکھائی دے رہا ہے۔ لیکن اس بار اس خوشی کے ماحول پر ایل پی جی گیس کی کمی نے بڑا اثر ڈالا ہے۔ چھوٹے سے لے کر بڑے دکاندار تک اس بحران سے نبردآزما ہیں۔ کھانے پینے کا کام کرنے والے کاروباریوں پر گیس کی قلت کا سب سے زیادہ اثر پڑا ہے۔
ریسٹورانٹ چلانے والے محمد بتاتے ہیں کہ پہلے انہیں آسانی سے کئی سلنڈر مل جاتے تھے، لیکن اب ایک سلنڈر بھی مشکل سے مل رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مجبوراً گھر کا سلنڈر استعمال کرنا پڑ رہا ہے اور خاندان کو رشتہ داروں کے یہاں بھیجنا پڑا۔ ان کا دکھ واضح ہے کہ عید کا ماحول تو رہے گا، لیکن کاروبار کمزور پڑ گیا ہے۔ عید پر سب سے زیادہ فروخت ہونے والی سیوئیاں بھی مہنگی ہو گئی ہیں۔ پہلے جو سیوئیاں سستی ملتی تھیں، اب ان کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں۔
دکانداروں کا کہنا ہے کہ گیس مہنگی ہونے کی وجہ سے لاگت بڑھ گئی ہے، اس لیے پرانی قیمتوں پر سامان بیچنا مشکل ہو گیا ہے۔ مٹھائیوں کی دکانوں پر بھی یہی حال ہے۔ شاہی ٹکڑا جیسے پکوانوں کی قیمت میں کافی اضافہ ہوا ہے۔ کئی دکاندار تو کچھ آئٹمز بنانا ہی بند کر چکے ہیں، کیونکہ ان میں زیادہ گیس لگتی ہے۔ اس سے گاہکوں کی تعداد بھی کچھ کم ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔
جامع مسجد علاقے کی مشہور بریانی اور کباب بھی اب پہلے جیسے سستے نہیں رہے۔ چکن، آٹا اور گیس تینوں کی قیمت بڑھنے سے کھانے کی لاگت بڑھ گئی ہے۔ کئی دکاندار اب گیس کی کمی کی وجہ سے کوئلے پر کھانا بنا رہے ہیں، جس سے کام بھی سست ہو گیا ہے۔
بازاروں میں عید کی رونق موجود ہے اور لوگ خریداری بھی کر رہے ہیں۔ لیکن گیس کی کمی نے کاروباریوں کی فکر بڑھا دی ہے۔ اگر جلد حالات نہیں سدھرتے، تو آنے والے دنوں میں یہ مسئلہ مزید گہرا ہو سکتا ہے اور اس کا اثر تہوار کے بعد بھی دیکھا جا سکتا ہے۔