جموں و کشمیر میں منائی گئی عید میلاد النبی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 06-09-2025
جموں و کشمیر میں منائی گئی عید میلاد النبی
جموں و کشمیر میں منائی گئی عید میلاد النبی

 



سری نگر/ آواز دی وائس
لوگ ہفتہ کے روز سرینگر میں درگاہ حضرت بل میں جمع ہوئے اور عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر دعائیں مانگیں اور تقریبات منائیں۔ جموں و کشمیر کے وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے مبارکباد پیش کی اور نبی اکرم ﷺ کی برکتوں کی دعا کی۔
عمر عبداللہ نے ایک پوسٹ میں لکھا کہ عید میلاد النبی مبارک۔ اس روشنی اور یاد کے دن پر، ہمارے نبی ﷺ کی محبت، رحمت اور شفقت کی تعلیمات ہمارے دلوں کو روشن کریں، ہمارے اعمال کی رہنمائی کریں اور ہمیں امن و ہم آہنگی میں یکجا کریں۔
جمعہ کے روز عمر عبداللہ نے انتظامیہ پر تنقید کی کہ عید میلاد النبی کی چھٹی کو دوبارہ شیڈول نہیں کیا گیا، حالانکہ سرکاری کیلنڈر میں واضح طور پر درج ہے کہ تعطیلات "چاند نظر آنے پر منحصر ہیں۔
وزیراعلیٰ عبداللہ نے جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کے اس اقدام کو "بے حسی" اور "لوگوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے لیے کیا گیا فیصلہ" قرار دیا۔
انہوں نے ایک پوسٹ میں لکھا کہ سرکاری پریس سے شائع کیلنڈر بالکل واضح ہے - 'چاند نظر آنے پر منحصر'۔ اس کا مطلب ہے کہ چھٹی چاند کی رویت کے مطابق تبدیل کی جا سکتی ہے۔ غیر منتخب حکومت کا چھٹی کو آگے نہ بڑھانے کا دانستہ فیصلہ بے حسی پر مبنی ہے اور عوام کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے لیے کیا گیا ہے۔
عید میلاد النبی ﷺ ہفتہ کو جموں و کشمیر میں منائی جا رہی ہے، جبکہ انتظامیہ کے جنوری میں جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سرکاری تعطیل جمعہ کو منائی گئی۔ مذہبی رہنما میر واعظ عمر فاروق نے حکام کی "دانستہ غفلت" اور "ناقابلِ قبول رویے" کی شدید مذمت کی۔
ایک بیان میں میر واعظ نے کہا کہ میں حکام کی اس قابلِ مذمت غفلت کی سخت مذمت کرتا ہوں کہ انہوں نے عید میلاد النبی ﷺ کے اس مقدس موقع پر مسلسل دوسرے سال بھی چھٹی کو اصل تاریخ کے مطابق ری شیڈول نہیں کیا، اور مسلمانوں کے جذبات کو نظرانداز کیا۔ یہ دانستہ غفلت جموں و کشمیر کے مسلمانوں کے لیے ناقابلِ قبول ہے اور ہم اس پر سخت احتجاج کرتے ہیں۔