وزارتِ تعلیم کی پرائیویٹ اسکولوں پر وضاحت

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 21-05-2026
وزارتِ تعلیم کی پرائیویٹ اسکولوں پر وضاحت
وزارتِ تعلیم کی پرائیویٹ اسکولوں پر وضاحت

 



نئی دہلی: وزارتِ تعلیم نے جمعرات کے روز واضح کیا ہے کہ اسکل مینجمنٹ کمیٹی (ایس ایم سی) گائیڈلائنز 2026 کا اطلاق نجی غیر امدادی اسکولوں پر نہیں ہوگا، بشرطیکہ وہ ادارے رائٹ ٹو ایجوکیشن (آر ٹی ای) ایکٹ کی دفعہ 2(ن)(iv) کے تحت آتے ہوں اور حکومت یا مقامی انتظامیہ سے کسی قسم کی مالی امداد یا گرانٹ حاصل نہ کرتے ہوں۔

وزارت نے یہ وضاحت سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” پر جاری ایک بیان میں دی، جس میں کہا گیا کہ کچھ حلقوں کی جانب سے ان ہدایات پر تحفظات ظاہر کیے گئے تھے، اسی لیے یہ وضاحت ضروری سمجھی گئی۔ وزارت نے کہا: “اسکول مینجمنٹ کمیٹی گائیڈلائنز 2026 کے حوالے سے معاشرے کے بعض طبقات کی جانب سے اٹھائے گئے خدشات کے پیش نظر وضاحت کی جاتی ہے کہ یہ ہدایات ان نجی غیر امدادی اسکولوں پر لاگو نہیں ہوتیں جو آر ٹی ای ایکٹ کی دفعہ 2(ن)(iv) کے تحت آتے ہیں، بشرطیکہ انہیں حکومت یا مقامی اداروں سے کوئی مالی مدد نہ مل رہی ہو۔

” تاہم وزارت نے کہا کہ ایسے اسکولوں کو شفافیت، جوابدہی اور شراکتی نظم و نسق کو فروغ دینے کے لیے رضاکارانہ طور پر اسکل مینجمنٹ کمیٹیاں تشکیل دینے کی ترغیب دی جاتی ہے۔ وزارت نے زور دیا کہ تعلیم ایک مشترکہ ذمہ داری ہے جس میں حکومت، اسکول، والدین اور کمیونٹی سب کا کردار اہم ہے، اور بہتر تعلیمی نتائج کے لیے باہمی تعاون ضروری ہے۔

دوسری جانب وزارتِ تعلیم نے ہفتے کے روز ایک اعلیٰ سطحی اجلاس بھی منعقد کیا جس کی صدارت سکریٹری برائے محکمہ اسکول ایجوکیشن اینڈ لٹریسی سنجے کمار نے کی۔ اجلاس میں اسکول سے باہر بچوں کو دوبارہ تعلیمی نظام میں شامل کرنے کے لیے نئی حکمتِ عملی پر غور کیا گیا، جس میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اوپن اسکولنگ (این آئی او ایس)، ریاستی حکومتوں اور ضلعی انتظامیہ کو شامل کیا گیا ہے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ ہر 100 بچوں میں سے صرف 62 بچے ہی بارہویں جماعت تک پہنچ پاتے ہیں، جبکہ دو کروڑ سے زائد بچے (عمر 14 سے 18 سال) اس وقت اسکول سے باہر ہیں۔ سکریٹری نے کہا کہ معاشی مجبوریوں، گھریلو ذمہ داریوں اور روزگار کے مسائل کی وجہ سے بچے تعلیم چھوڑ دیتے ہیں، اس لیے انہیں نہ صرف تعلیمی نظام میں واپس لانے کی کوشش ہونی چاہیے بلکہ انہیں ہنر مند بنانے پر بھی توجہ دی جائے۔ وزارت کے مطابق پہلے مرحلے میں ملک کی 9 ریاستوں کے 10 منتخب اضلاع میں یہ منصوبہ شروع کیا جائے گا، جن میں اوڈیشہ، مہاراشٹر، چھتیس گڑھ، بہار، اتر پردیش، گجرات، کرناٹک، مدھیہ پردیش اور دہلی شامل ہیں۔