نئی دہلی/ آواز دی وائس
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے جمعہ کے روز مغربی بنگال کے کولکتہ اور سلی گوڑی میں آٹھ مقامات پر چھاپے مارے۔ یہ کارروائی ایک منظم انسانی اسمگلنگ اور جسم فروشی کے ریکیٹ کے سلسلے میں کی گئی جو زیادہ تر بار کم ریستورانوں کے ذریعے چلایا جا رہا تھا۔
ای ڈی کے کولکتہ زونل دفتر کی ٹیم نے صبح سے ہی کارروائی کا آغاز کیا، جس میں بیدھان نگر، کولکاتہ اور سلی گوڑی کے علاقے شامل تھے۔ ان چھاپوں میں ملزمان اور مشتبہ افراد کے ٹھکانے نشانہ بنائے گئے۔
یہ کیس ایک منظم نیٹ ورک سے متعلق ہے جس میں ملزمان اور مشتبہ افراد نے اپنے زیرِ ملکیت یا زیرِ کنٹرول بار کم ریستورانوں کے ذریعے جسم فروشی کا کاروبار منظم انداز میں چلایا۔ای ڈی کا یہ مقدمہ مغربی بنگال پولیس کی جانب سے مختلف ایف آئی آرز اور چارج شیٹس کی بنیاد پر درج کیا گیا ہے، جن میں جگجیت سنگھ، اجمل صدیقی، بشنو مندرا اور دیگر کے نام شامل ہیں۔ یہ ایف آئی آرز ہندوستانی تعزیراتِ قانون ، اسلحہ ایکٹ اور غیر اخلاقی تجارت کی روک تھام کے قانون کی مختلف دفعات کے تحت درج کی گئی ہیں، جو کہ پے منی لانڈرنگ ایکٹ (پی ایم ایل اے ) 2002 کے تحت درج فہرست جرائم میں شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق، ملزمان غریب اور کمزور خواتین کو جھوٹی ملازمتوں کے وعدوں سے پھنساتے ہیں اور انہیں جسم فروشی پر مجبور کرتے ہیں تاکہ غیر قانونی آمدنی کے بڑے ذرائع پیدا کیے جا سکیں۔
حکام نے مزید بتایا کہ یہ غیر قانونی رقم، جو کروڑوں روپے پر مشتمل ہے، نقدی کی شکل میں حاصل کی جاتی ہے اور پھر اسے ان کے کنٹرول میں موجود مختلف کمپنیوں کے ذریعے سفید (منی لانڈر) کیا جاتا ہے۔