وینا وجین کو ای ڈی کا نیا سمن جاری

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 12-06-2026
وینا وجین کو ای ڈی کا نیا سمن جاری
وینا وجین کو ای ڈی کا نیا سمن جاری

 



کوچی: انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے کیرالَم کے سابق وزیر اعلیٰ پنارائی وجین کی بیٹی وینا ٹی کو منی لانڈرنگ کی تحقیقات کے سلسلے میں نیا سمن جاری کرتے ہوئے 17 جون کو پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا ہے۔ یہ تحقیقات ان کی اب بند ہو چکی آئی ٹی کمپنی اور کیرالَم کی ایک کان کنی کمپنی کے درمیان مبینہ مالی لین دین سے متعلق ہیں۔

حکام کے مطابق وینا کو اس سے قبل 12 جون کو ای ڈی کے سامنے پیش ہونے کے لیے طلب کیا گیا تھا، تاہم انہوں نے صحت کی وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے تاریخ ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی۔ اس کے بعد ایجنسی نے انہیں 17 جون کو کوچی میں اپنے زونل دفتر میں بیان ریکارڈ کرانے کے لیے حاضر ہونے کی ہدایت دی ہے۔

یہ معاملہ ایگزالوجک سولیوشنز پرائیویٹ لمیٹڈ (Exalogic Solutions Pvt Ltd)، جو ماضی میں وینا چلاتی تھیں، اور کوچین منرلز اینڈ روٹائل لمیٹڈ (CMRL) کے درمیان مبینہ مالی لین دین سے متعلق ہے۔ سی ایم آر ایل کیرالَم میں ریت کی کان کنی کا کاروبار کرتی ہے۔ ای ڈی حکام کے مطابق سی ایم آر ایل کے منیجنگ ڈائریکٹر سشیدھرن کارتھا، کمپنی کے دیگر عہدیداران اور مزید نو افراد کو بھی جاری تحقیقات کے سلسلے میں مختلف تاریخوں پر طلب کیا گیا ہے۔ ایجنسی نے حال ہی میں وینا سے منسلک مقامات پر بھی تلاشی کارروائیاں کی تھیں۔ وینا اس وقت اپنے والد کے ساتھ ترواننت پورم میں ایک کرائے کے مکان میں رہتی ہیں۔

ای ڈی ان الزامات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ سی ایم آر ایل نے ’’آئی ٹی مشاورتی خدمات‘‘ کے نام پر ایگزالوجک سولیوشنز کو 2.78 کروڑ روپے ادا کیے تھے۔ حکام کا یہ بھی الزام ہے کہ کارتھا سے منسلک ایک اور کمپنی ایمپاور انڈیا کیپیٹل انویسٹمنٹ پرائیویٹ لمیٹڈ نے ایگزالوجک کو 50 لاکھ روپے کے قرضے دیے، حالانکہ سابقہ قرضوں کی واپسی میں بھی کوتاہی ہو رہی تھی۔

تحقیقاتی حکام کو شبہ ہے کہ یہ لین دین انسدادِ منی لانڈرنگ قانون (PMLA) کے تحت ’’جرم سے حاصل شدہ آمدنی‘‘ (Proceeds of Crime) کے زمرے میں آ سکتے ہیں، اور اسی لیے متعلقہ افراد سے ان ادائیگیوں کی وجوہات کے بارے میں وضاحت طلب کی جا رہی ہے۔

ای ڈی نے مارچ 2024 میں یہ مقدمہ درج کیا تھا، جس کی بنیاد سیریس فراڈ انویسٹی گیشن آفس (SFIO) کی شکایت تھی۔ ایس ایف آئی او وزارتِ کارپوریٹ امور کا تحقیقاتی ادارہ ہے۔ بعد ازاں ایس ایف آئی او نے اپریل 2025 میں ارناکولم کی ایک عدالت میں استغاثہ کی شکایت (Prosecution Complaint) بھی دائر کی۔ سی ایم آر ایل پہلی بار جنوری 2019 میں محکمۂ انکم ٹیکس کے ایک چھاپے کے بعد تحقیقات کی زد میں آئی تھی۔ اس کارروائی کے دوران مبینہ طور پر تقریباً 130 کروڑ روپے کے جعلی اخراجات کا انکشاف ہوا تھا۔

عدالتی دستاویزات کے مطابق 2012-13 سے 2018-19 کے درمیان کمپنی نے مبینہ طور پر 133.82 کروڑ روپے کے اخراجات کو نقل و حمل اور کیچڑ (Sludge) کی منتقلی کے نام پر جعلی ادائیگیوں کے ذریعے بڑھا چڑھا کر ظاہر کیا۔ تفتیش کاروں کا الزام ہے کہ ان فرضی اخراجات سے حاصل ہونے والی نقد رقم سیاست دانوں، سیاسی جماعتوں، میڈیا اداروں اور سرکاری اہلکاروں کو غیر قانونی ادائیگیوں کے لیے استعمال کی گئی۔

دستاویزات میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سی ایم آر ایل کے چیف فنانشل آفیسر اور منیجنگ ڈائریکٹر نے ٹیکس حکام کے سامنے اعتراف کیا تھا کہ کاروبار کو بندش کے خطرات اور ماحولیاتی مسائل سے بچانے کے لیے ایسی نقد ادائیگیاں کی جاتی تھیں۔ حکام کے مطابق سی ایم آر ایل نے ان جعلی اخراجات کا اعتراف انکم ٹیکس سیٹلمنٹ کمیشن کے سامنے بھی کیا تھا۔

ایس ایف آئی او کی استغاثہ شکایت کے مطابق کمپنی نے مبینہ طور پر 15 برسوں کے دوران 182 کروڑ روپے کے فرضی نقد اخراجات درج کیے تاکہ رشوت ستانی کو ممکن بنایا جا سکے، جبکہ 91 کروڑ روپے کارتھا خاندان کی ملکیت کمپنیوں کو ٹرانسپورٹ خدمات کے نام پر ادا کیے گئے۔