داؤد کراچی میں ہے، ای ڈی کا دعویٰ

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 24-05-2022
داؤد کراچی میں ہے، ای ڈی کا دعویٰ
داؤد کراچی میں ہے، ای ڈی کا دعویٰ

 



 

آواز دی وائس، نئی دہلی

داؤد ابراہیم کاسکر کے خلاف درج منی لانڈرنگ کیس کے سلسلے میں ایک نئی پیش رفت میں، انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے اپنی چارج شیٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ انڈر ورلڈ ڈان کے بھتیجے علی شاہ پارکر نے کہا ہے کہ ڈان 'کراچی میں مقیم' تھا۔ حسینہ پارکر کے بیٹے علی شاہ نے بھی کہا ہے کہ وہ داؤد سے رابطے میں نہیں تھے۔

  ای ڈی نے حال ہی میں ممبئی کی ایک عدالت میں چارج شیٹ داخل کی تھی۔ یہ وہی معاملہ ہے جس میں این سی پی لیڈر نواب ملک بھی مقدمہ کا سامنا کر رہے ہیں۔ ای ڈی نے چارج شیٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ داؤد کی بیوی مہ جبین عید جیسے تہواروں کے دوران پارکر خاندان سے رابطہ کرتی تھی۔

ای ڈی نے علی شاہ سے فروری میں بھی پوچھ گچھ کی تھی۔ ثبوت کے طور پر چارج شیٹ کے ساتھ ان کا بیان بھی دیا گیا ہے۔ مرکزی تحقیقاتی ایجنسی کی ٹیم نے چھوٹا شکیل کے ایک ساتھی سلیم قریشی سے بھی پوچھ گچھ کی ہے۔ ای ڈی نے دعویٰ کیا ہے کہ قریشی جعلی پاسپورٹ کی بنیاد پر کئی بار پاکستان جا چکے ہیں۔ مبینہ طور پر وہ داؤد اور شکیل کے کہنے پر بھی کام کرتا ہے۔

ای ڈی نے داؤد ابراہیم اور دیگر کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات 3 فروری 2022 کو آئی پی سی کی دفعہ120بی کے تحت درج کی گئی ایف آئی آر کی بنیاد پر شروع کی تھی۔ مذکورہ ایف آئی آر میں داؤد ابراہیم، حاجی انیس عرف انیس ابراہیم شیخ، شکیل شیخ عرف چھوٹا شکیل، جاوید پٹیل عرف جاوید چکنا، ابراہیم مشتاق عبدالرزاق میمن عرف ٹائیگر میمن کو ملزم بنایا گیا تھا۔

ایف آئی آر میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ داؤد ابراہیم کے ہندوستان چھوڑنے کے بعد اس نے اپنے قریبی ساتھیوں جیسے حسینہ پارکر عرف حسینہ آپا اور دیگر کے ذریعے ہندوستان میں اپنی مجرمانہ سرگرمیوں کو کنٹرول کرنا شروع کیا۔