نئی دہلی
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے این ایچ-74 گھوٹالہ معاملے میں 13.89 کروڑ روپے مالیت کی منقولہ اور غیر منقولہ جائیدادیں ضبط کر لی ہیں۔ ای ڈی کے دہرادون سب زونل دفتر نے یہ کارروائی پریوینشن آف منی لانڈرنگ ایکٹ (پی ایم ایل اے )، 2002 کی دفعات کے تحت انجام دی۔
ای ڈی نے اپنی جانچ کا آغاز اتراکھنڈ کے اُدھم سنگھ نگر ضلع میں واقع پنت نگر پولیس اسٹیشن میں درج ایف آئی آر کی بنیاد پر کیا تھا، جو ہندوستانی تعزیراتِ قانون (آئی پی سی)، 1860 کی مختلف دفعات کے تحت درج کی گئی تھی۔
تفتیش کے دوران ای ڈی نے بتایا کہ دل باغ سنگھ، جرنیل سنگھ، بلجیت کور اور دلوِندر سنگھ نے ریونیو اہلکاروں اور دلالوں کے ساتھ ملی بھگت کرتے ہوئے یوپی زمنداری خاتمہ اور لینڈ ریفارمز ایکٹ، 1950 کی دفعہ 143 کے تحت بیک ڈیٹ احکامات حاصل کیے اور بعد ازاں انہیں ریونیو ریکارڈز میں بعد کی تاریخ میں درج کروایا۔
ای ڈی کے بیان کے مطابق ، اس بنیاد پر، انہوں نے این ایچ-74 کی توسیع کے لیے حاصل کی جانے والی اپنی زمین کے بدلے غیر زرعی شرح پر 26 کروڑ 2 لاکھ 83 ہزار 930 روپے کی زائد معاوضہ رقم دھوکہ دہی سے حاصل کی۔ اس طرح انہوں نے حکومت کو بھاری مالی نقصان پہنچایا اور خود غیر قانونی فائدہ اٹھایا۔
پی ایم ایل اے کے تحت ای ڈی کی تفتیش میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ "یہ ناجائز طور پر حاصل کی گئی رقم یا تو ان کے نام پر غیر منقولہ جائیدادیں خریدنے میں استعمال کی گئی یا پھر دیگر بینک کھاتوں اور اپنے رشتہ داروں کے بینک اکاؤنٹس میں منتقل کی گئی۔
ایجنسی نے مزید بتایا كہ جرم سے حاصل شدہ رقوم (PoC) کی شناخت کے بعد 13.89 کروڑ روپے مالیت کے اثاثوں کو عارضی طور پر ضبط کرنے کا حکم جاری کیا گیا، جس میں منقولہ اور غیر منقولہ دونوں قسم کی جائیدادیں شامل ہیں۔
مزید برآں، ای ڈی اس معاملے میں پہلے ہی تین عارضی ضبطی احکامات جاری کر چکی ہے اور دہرادون میں واقع خصوصی پی ایم ایل اے عدالت میں مختلف ملزمان کے خلاف سات استغاثہ شکایات بھی دائر کی جا چکی ہیں۔