نئی دہلی/ آواز دی وائس
کولکتہ میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے سیاسی مشاورتی فرم آئی-پیک (انڈین پولیٹیکل ایکشن کمیٹی) کے دفتر اور اس کے ڈائریکٹر پرتیک جین کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا۔ اس چھاپے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ ممتا بنرجی خود بھی سڑک پر آ گئیں۔ اسی معاملے میں اب انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے سپریم کورٹ کا رخ کر لیا ہے۔
ای ڈی کی اہم فائلیں اور موبائل فون چھیننے کا الزام
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے سپریم کورٹ میں عرضی داخل کی ہے۔ ای ڈی کے مطابق کولکتہ میں آئی-پیک کے ڈائریکٹر پرتیک جین کے ٹھکانوں پر چھاپے کے دوران ممتا بنرجی نے افسران سے اہم فائلیں چھین لی تھیں، جبکہ ہارڈ ڈسک اور موبائل فون بھی اپنے قبضے میں لے لیے گئے تھے۔
ای ڈی نے سی بی آئی جانچ کا مطالبہ کیا
ای ڈی نے آئین کے آرٹیکل 32 کے تحت سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔ عرضی میں ای ڈی نے چھاپے کے دوران پیش آنے والے پورے ٹکراؤ (شوڈاؤن) کا ذکر کیا ہے۔ ای ڈی کا کہنا ہے کہ ریاستی مشینری کی مداخلت کے باعث ایجنسی کو غیر جانبدارانہ تحقیقات سے روکا گیا۔ اس معاملے میں اس سے پہلے ای ڈی نے کولکتہ ہائی کورٹ میں بھی عرضی داخل کی تھی، جس پر سماعت 14 جنوری کو ہونی ہے۔
ممتا حکومت بھی سپریم کورٹ پہنچی
آج ہی مغربی بنگال حکومت نے سپریم کورٹ میں کیویٹ عرضی داخل کی ہے۔ ممتا حکومت نے کہا ہے کہ اگر ای ڈی سپریم کورٹ سے رجوع کرتی ہے تو کوئی بھی فیصلہ دینے سے پہلے حکومت کا موقف بھی سنا جائے۔
کیویٹ عرضی کیا ہوتی ہے؟
واضح رہے کہ کیویٹ ایک قانونی عمل ہے، جس کے تحت کوئی شخص عدالت کو پیشگی اطلاع دیتا ہے کہ اس کے خلاف کوئی مقدمہ یا ہنگامی درخواست دائر کی جا سکتی ہے، تاکہ اس کے خلاف کوئی یکطرفہ حکم جاری ہونے سے پہلے اسے سننے کا موقع دیا جائے۔
نیچرل جسٹس کا اصول
کیویٹ کا مقصد نیچرل جسٹس کے اصول کو برقرار رکھنا ہے۔ کیویٹ عرضی سول پروسیجر کوڈ (سی پی سی) کی دفعہ 148 اے کے تحت دائر کی جاتی ہے، تاکہ متعلقہ فریق کو عدالت میں اپنا مؤقف پیش کرنے کا پورا موقع مل سکے۔