ہندوستان سے پاکستان تک زلزلے کے جھٹکے

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  [email protected] | Date 05-02-2022
ہندوستان سے پاکستان تک زلزلے کے جھٹکے
ہندوستان سے پاکستان تک زلزلے کے جھٹکے

 

 

آواز دی وائس :: جموں و کشمیر اور پنجاب میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ یہ جھٹکے ہفتہ کی صبح 9.49 پر محسوس کیے گئے۔ یہاں دہلی-این سی آر (نوئیڈا) اور چندی گڑھ میں بھی زلزلے کے جھٹکوں کے بعد لوگ خوف کے مارے گھروں سے باہر نکل آئے۔ تاہم زلزلے سے ملک میں اب تک کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ یہاں پاکستان میں بھی 5.7 شدت کے زلزلے کی اطلاع ہے۔

اطلاعات کے مطابق زلزلے کا مرکز افغانستان اور تاجکستان کی سرحد پر ہندوکش پہاڑیوں کے قریب تھا۔ تاہم اس سے قبل بتایا گیا تھا کہ پاکستان میں آنے والے زلزلے کی شدت 7.3 تھی اور اس کا مرکز اسلام آباد سے تقریباً 189 کلومیٹر دور تھا۔ بعد ازاں نیشنل سینٹر فار سیسمولوجی نے بتایا کہ زلزلے کا مرکز افغانستان تاجکستان سرحد پر تھا۔

پاکستان کے صوبہ خبیر پختونخوا، بالائی پنجاب اور کشمیر کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکوں سے شہریوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔ سنیچر کو زلزلہ پیما مرکز کی جانب سے بتایا گیا کہ نو بج کر 16 منٹ پر پانچ اعشاریہ نو شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا۔ زلزلے کا مرکز پاکستان اور افغانستان کی سرحد پر کوہ ہندوکش کا علاقہ تھا۔ زلزلہ زیر زمین 210 کلومیٹر گہرائی میں آیا۔ مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکوں کے بعد شہری گھروں سے باہر نکل آئے۔ اسلام آباد کی بلند عمارتوں کے رہائشی زلزلے کے جھٹکے محسوس کرنے پر خوف کا شکار ہوئے۔ زلزلے کے جھٹکے شمال میں سکردو، وادی لیپا جبکہ پنجاب میں سرگودھا اور لاہور تک محسوس کیے گئے۔