جے شنکر نے آپریشن 'امستاد' کی میڈیا کوریج شیئر کی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 03-07-2026
جے شنکر نے آپریشن 'امستاد' کی میڈیا کوریج شیئر کی
جے شنکر نے آپریشن 'امستاد' کی میڈیا کوریج شیئر کی

 



کاراکاس
 وینزویلا میں آپریشن "امستاد" کے تحت قائم کیے گئے ہندوستانی فوج کے فیلڈ اسپتال کو مقامی سطح پر زبردست سراہا جا رہا ہے۔ وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے مقامی میڈیا کی ایک رپورٹ کا اقتباس شیئر کرتے ہوئے اس انسانی امدادی مشن کی تعریف کی۔جے شنکر نے وینزویلا کے نشریاتی ادارے ٹیلی سور کی رپورٹ شیئر کی، جس میں تباہ کن دوہرے زلزلوں کے بعد کاراکاس میں ہندوستان کی جانب سے قائم کیے گئے طبی فیلڈ اسپتال کے افتتاح کی خبر نشر کی گئی۔
رپورٹر مشیل رامیریز نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ لا رنکوناڈا علاقے میں ہندوستانی حکومت کی جانب سے ایک فیلڈ اسپتال قائم کیا گیا ہے، جو "آپریشن دوستی ہندوستان-وینزویلا" کے تحت شروع کیا گیا ہے۔
آپریشن دوستی ہندوستان-وینزویلا کے ڈائریکٹر میتریے کلکرنی نے رامیریز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ آپریشن دوستی کا حصہ ہے، جس کا مقصد وینزویلا کے بھائیوں اور بہنوں کی خدمت کرنا ہے۔ یہ ایک فیلڈ اسپتال ہے، جہاں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے 41 ڈاکٹر موجود ہیں، جو خاص طور پر ان ہنگامی طبی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے تعینات کیے گئے ہیں جو اس طرح کی آفات کے دوران پیش آتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس ٹیم کو ایسے مشنز کا وسیع تجربہ حاصل ہے۔ "تقریباً چھ ماہ قبل اسی کمانڈر کی قیادت میں اسی نوعیت کا اسپتال سری لنکا میں سمندری طوفان 'دتوا' کے بعد قائم کیا گیا تھا۔ اس سے قبل میانمار میں آنے والے زلزلے کے بعد بھی یہی ٹیم خدمات انجام دے چکی ہے۔ دونوں مواقع پر ہزاروں افراد کا علاج کیا گیا تھا۔کلکرنی نے بتایا کہ اس فیلڈ اسپتال میں دندان سازی، ٹراما کیئر، لیبارٹریز اور دیگر متعدد طبی سہولیات موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جیسا کہ میں نے بتایا، ہمارے پاس دندان سازی سے لے کر ٹراما کیئر تک مختلف سہولیات موجود ہیں۔ مختلف قسم کے ٹیسٹوں کے لیے لیبارٹریاں قائم کی گئی ہیں اور ایک ایکسرے روم بھی بنایا گیا ہے، جہاں تابکاری سے تحفظ کے تمام تقاضے پورے کیے گئے ہیں۔ یہاں معمولی نوعیت کے آپریشن کرنے کی سہولت بھی موجود ہے۔ اس وقت ہمارے پاس تقریباً 20 بستروں کی گنجائش ہے، تاہم دستیاب جگہ کی وجہ سے اسے 50 بستروں تک بڑھایا جا سکتا ہے۔
جب رپورٹر نے ان سے پوچھا کہ اتنے کم وقت میں اس فیلڈ اسپتال کو کیسے قائم کیا گیا، تو کلکرنی نے جواب دیا کہ یہ ہماری ٹیم کے وسیع تجربے کا نتیجہ ہے، لیکن میں وینزویلا کی حکومت اور مقامی حکام کی بھرپور مدد کا بھی تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ آج ہمارے ساتھ نائب وزیر صحت اور اس علاقے کے میئر بھی موجود تھے۔ جیسا کہ آپ نے ذکر کیا، ہم گزشتہ رات یہاں پہنچے تھے اور صبح تین بجے سے اسپتال کی تنصیب کا کام شروع ہو گیا تھا۔ جب نائب وزیر صحت نے اسپتال کا افتتاح کیا تو یہ مکمل طور پر تیار تھا۔ یہ سب ہماری ٹیم کے تجربے اور وینزویلا کی حکومت کے تعاون کی بدولت ممکن ہوا۔
الجزیرہ کے مطابق، گزشتہ ہفتے وینزویلا میں آنے والے 7.2 اور 7.5 شدت کے دو زلزلوں کے نتیجے میں تقریباً 60 ہزار عمارتیں تباہ یا شدید متاثر ہو چکی ہیں، جبکہ تقریباً 13 ہزار افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔وینزویلا کی حکومت کی جانب سے جاری آخری سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، اب تک کم از کم 2,295 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے، جبکہ 11 ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ الجزیرہ کے مطابق، ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافے کا خدشہ ہے، جبکہ تقریباً 50 ہزار افراد اب بھی لاپتہ بتائے جا رہے ہیں۔