جی 7 وزرائے خارجہ اجلاس:ایس جے شنکر شرکت کریں گے

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 26-03-2026
 جی 7 وزرائے خارجہ اجلاس:ایس جے شنکر شرکت  کریں گے
جی 7 وزرائے خارجہ اجلاس:ایس جے شنکر شرکت کریں گے

 



نئی دہلی:ایس جے شنکر جمعرات سے جمعہ تک فرانس کے مقام ابے دے وو دے سرنے کا دورہ کریں گے جہاں وہ جی 7 وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شراکت دار ممالک کے ساتھ شرکت کریں گے۔ یہ اطلاع وزارت خارجہ ہندستان کی جانب سے جاری بیان میں دی گئی ہے۔

بیان کے مطابق یہ دورہ فرانس کے وزیر برائے یورپ و خارجہ امور ژاں نوئیل بارو کی دعوت پر ہو رہا ہے۔ اس موقع پر شنکر اپنے ہم منصب وزرائے خارجہ کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔

جی 7 وزرائے خارجہ اجلاس میں عالمی سطح کے اہم مسائل پر غور کیا جائے گا جن میں یوکرین جنگ، تعمیر نو، سمندری سلامتی اور عالمی نظام میں اصلاحات شامل ہیں۔

فرانسیسی وزارت خارجہ کے ترجمان پاسکل کونفاورے کے مطابق یہ اجلاس جی 7 سربراہی اجلاس کی تیاری کا ایک اہم مرحلہ ہے جو 13 سے 15 جون کے درمیان ایویان میں منعقد ہوگا۔

اجلاس میں یوکرین کی تعمیر نو، جوہری تحفظ، انسانی بنیادوں پر بارودی سرنگوں کی صفائی اور مالی وسائل کی فراہمی جیسے امور پر بھی بات چیت ہوگی۔ اس کے علاوہ یورپی بینک برائے تعمیر نو و ترقی کے کردار پر بھی غور کیا جائے گا تاکہ یوکرین کی بحالی کے لیے سرمایہ کاری کو فروغ دیا جا سکے۔

مذاکرات میں سمندری راستوں کی سلامتی، عالمی سپلائی چینز اور منشیات کی اسمگلنگ جیسے مسائل بھی شامل ہوں گے، جبکہ آزادیٔ جہاز رانی کے تحفظ پر بھی خصوصی سیشن متوقع ہے۔

اجلاس میں جنوبی کوریا، ہندستان، سعودی عرب، برازیل اور یوکرین سمیت غیر جی 7 ممالک کے نمائندے بھی شریک ہوں گے، جس کا مقصد عالمی سطح پر تعاون کو مزید مضبوط بنانا ہے۔