نئی دہلی
وزیرِ خارجہ ایس جے شنکر نے ایران سے 550 سے زیادہ ہندوستانی شہریوں کے کامیاب انخلا میں تعاون کرنے پر آرمینیا کے عوام اور حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے۔ایکس پر ایک پوسٹ میں انہوں نے لکھا كہ ایران سے اب تک 550 سے زیادہ ہندوستانی شہریوں کے محفوظ انخلا میں تعاون کرنے پر آرمینیا کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ان مشکل حالات میں ان کی حمایت قابلِ قدر ہے۔
اس سے قبل جموں و کشمیر اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن نے بتایا کہ جاری جنگی صورتحال کے دوران ایران میں پھنسے 70 سے زیادہ ہندوستانی طلبہ، جن میں اکثریت جموں و کشمیر سے تعلق رکھتی ہے، آرمینیا اور دبئی کے راستے سے محفوظ طریقے سے واپس ہندوستان پہنچ گئے ہیں۔ یہ انخلا ایک مربوط کوشش کے تحت ممکن ہوا۔ایسوسی ایشن کے مطابق خطے میں جنگ جیسے حالات اور خراب ہوتی سکیورٹی صورتحال کے باعث یہ طلبہ ایران میں پھنس گئے تھے، تاہم اب وہ بحفاظت واپس آ رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اس گروپ کے زیادہ تر طلبہ ارومیہ یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز، تہران یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز اور ایران کی دیگر جامعات میں زیرِ تعلیم ہیں۔ پرواز میں سوار ہونے سے پہلے طلبہ نے ایران کے مختلف شہروں سے بسوں کے ذریعے طویل زمینی سفر کر کے آرمینیا پہنچے اور یروان کے زوارٹنوتس بین الاقوامی ہوائی اڈے سے انخلا کی پرواز میں سوار ہوئے۔
نئی دہلی، یروان اور تہران کے درمیان سفارتی رابطوں نے اس انخلا کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔دوسری جانب خطے میں جاری تنازع اپنے تیسرے ہفتے میں داخل ہو گیا ہے۔ اسی دوران اسرائیلی فضائیہ نے تہران کے مہرآباد بین الاقوامی ہوائی اڈے پر حملہ کر کے ایران کی قیادت کے زیرِ استعمال ایک طیارے کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جسے حکومت کے لیے ایک بڑا دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔ایکس پر جاری بیان میں اسرائیلی فضائیہ نے کہا کہ اس نے تہران کے مہرآباد ہوائی اڈے پر “ایرانی دہشت گرد حکومت کے رہنما کے طیارے کو تباہ کر دیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق یہ طیارہ ایران کے سابق سپریم لیڈر علی خامنہ ای اور دیگر اعلیٰ حکام کے استعمال میں تھا اور اسے فوجی و سفارتی مقاصد کے لیے اہم سمجھا جاتا تھا۔
اسرائیلی فضائیہ کے مطابق یہ طیارہ فوجی ساز و سامان کی فراہمی اور اتحادی ممالک کے ساتھ تعلقات کو برقرار رکھنے کے لیے اندرونِ ملک اور بین الاقوامی پروازوں میں استعمال کیا جاتا تھا، اس لیے اس مشن کا مقصد تہران اور اس کے علاقائی اتحادیوں کے درمیان رابطوں کو متاثر کرنا تھا۔
فوجی حکام کا کہنا ہے کہ اس طیارے کی تباہی سے ایرانی قیادت اور اس کے اتحادی ممالک کے درمیان رابطہ کاری کی صلاحیت متاثر ہوئی ہے اور اس سے ایران کی فوجی طاقت بڑھانے اور نظام کی بحالی کی کوششوں کو نقصان پہنچا ہے۔اسرائیل کے مطابق اس اہم ہدف کو نشانہ بنا کر ایران کے فوجی اور سفارتی نیٹ ورک کو نمایاں نقصان پہنچایا گیا ہے اور ایک اور اہم تزویراتی وسیلہ ختم کر دیا گیا ہے۔
یہ کارروائی ایک وسیع فضائی مہم کا حصہ تھی۔ اسرائیلی فضائیہ نے اتوار کو بتایا کہ گزشتہ ایک دن کے دوران مغربی اور وسطی ایران میں 200 سے زیادہ اہداف کو نشانہ بنایا گیا، جن میں میزائل نظام، دفاعی تنصیبات اور آپریشنل ہیڈکوارٹرز سمیت مختلف فوجی ڈھانچے شامل تھے۔