جے شنکر نے پرنس رحیم آغا خان پنجم سے ملاقات کی۔ ورثے کے تحفظ پر تبادلہ خیال

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 10-09-2026
جے شنکر نے پرنس رحیم آغا خان پنجم سے ملاقات کی۔ ورثے کے تحفظ پر تبادلہ خیال
جے شنکر نے پرنس رحیم آغا خان پنجم سے ملاقات کی۔ ورثے کے تحفظ پر تبادلہ خیال

 



نئی دہلی۔ وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے جمعرات کو پرنس رحیم آغا خان پنجم سے ملاقات کی اور آغا خان ڈیولپمنٹ نیٹ ورک کی جانب سے ورثے کے تحفظ اور سماجی ترقی کے شعبے میں کیے جانے والے کام پر تبادلہ خیال کیا۔جے شنکر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ انہیں پرنس رحیم آغا خان پنجم سے ملاقات پر خوشی ہوئی۔ انہوں نے آغا خان ڈیولپمنٹ نیٹ ورک کی جانب سے سماجی ترقی اور ورثے کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے مؤثر کام کے ساتھ ساتھ ہندوستان اور بیرون ملک تعاون کے مزید امکانات پر بھی گفتگو کی۔

پرنس رحیم آغا خان پنجم شیعہ اسماعیلی مسلمانوں کے 50ویں موروثی امام اور آغا خان ڈیولپمنٹ نیٹ ورک کے چیئرمین ہیں۔ وہ بدھ کو اپنے 50ویں امام کی حیثیت سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ ہندوستان کے دورے پر نئی دہلی پہنچے۔ ان کے دورہ ہندوستان کی دعوت نائب صدر سی پی رادھا کرشنن نے دی تھی۔وزارت خارجہ کے مطابق ایک ہفتے پر مشتمل یہ دورہ ہندوستان اور آغا خان ڈیولپمنٹ نیٹ ورک کے درمیان سماجی ترقی اور ورثے کے تحفظ سمیت اہم شعبوں میں جاری تعاون کا جائزہ لینے کا اہم موقع فراہم کرے گا۔ ملاقاتوں میں مختلف برادریوں سے متعلق اقدامات اور وسیع تر ترقیاتی پروگراموں میں مشترکہ کوششوں کو مزید وسعت دینے کے امکانات پر بھی غور کیا جائے گا۔

پرنس رحیم کا دورہ 15 ستمبر تک جاری رہے گا۔ اس دوران وہ صدر دروپدی مرمو اور وزیر اعظم نریندر مودی سے نئی دہلی میں ملاقات کریں گے۔ وہ وزیر داخلہ امت شاہ سے بھی بات چیت کریں گے۔نئی دہلی کے علاوہ پرنس رحیم احمد آباد۔ ممبئی اور حیدرآباد کا بھی دورہ کریں گے۔ اس دوران وہ آغا خان ڈیولپمنٹ نیٹ ورک کے زیر انتظام مختلف کمیونٹی اور ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیں گے۔

وزارت خارجہ نے کہا کہ یہ پرنس رحیم کا 50ویں امام کا منصب سنبھالنے کے بعد ہندوستان کا پہلا دورہ ہے۔پرنس رحیم نے فروری 2025 میں اپنے والد پرنس کریم الحسینی آغا خان چہارم کے انتقال کے بعد شیعہ امامی اسماعیلی روایت کے مطابق 50ویں امام کی ذمہ داری سنبھالی تھی۔اسماعیلی برادری کی تاریخ تقریباً 14 صدیوں پر محیط ہے۔ دنیا کے 35 سے زیادہ ممالک میں تقریباً 12 سے 15 ملین اسماعیلی مسلمان آباد ہیں۔ یہ برادری مسلسل ایک زندہ اور موروثی روحانی پیشوا کی قیادت سے وابستہ رہی ہے۔

روحانی ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ پرنس رحیم آغا خان ڈیولپمنٹ نیٹ ورک کے تحت کام کرنے والے متعدد اداروں کے بورڈ میں بھی شامل ہیں۔ وہ اسماعیلی برادری کے سماجی اداروں اور انسٹی ٹیوٹ آف اسماعیلی اسٹڈیز کے نگرانی کے نظام سے بھی وابستہ ہیں۔

پرنس رحیم کا یہ سفارتی دورہ ہندوستانی حکومت اور آغا خان فاؤنڈیشن کے درمیان کئی دہائیوں سے جاری تعاون کو مزید آگے بڑھانے کی کوشش کا حصہ ہے۔