ہندوستان۔کینیڈا تعلقات کو نئی رفتار دینے پر جے شنکر اور انیتا آنند کی بات چیت

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 22-07-2026
ہندوستان۔کینیڈا تعلقات کو نئی رفتار دینے پر جے شنکر اور انیتا آنند کی بات چیت
ہندوستان۔کینیڈا تعلقات کو نئی رفتار دینے پر جے شنکر اور انیتا آنند کی بات چیت

 



منیلاوزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے بدھ کو منیلا میں کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے ہندوستان اور کینیڈا کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کے وزرائے اعظم کی جانب سے طے کیے گئے اہداف کو آگے بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔جے شنکر نے ملاقات کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند کے ساتھ مفید گفتگو ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور کینیڈا کے درمیان تعاون مسلسل فروغ پا رہا ہے اور بات چیت کا مرکز دونوں ممالک کے تعلقات کے لیے مقررہ اہداف کو عملی شکل دینا تھا۔

یہ ملاقات آسیان سے متعلق وزرائے خارجہ اجلاسوں کے موقع پر ہوئی جہاں جے شنکر مختلف کثیر فریقی اجلاسوں میں شرکت کر رہے ہیں۔وزیر خارجہ اس وقت فلپائن کے دورے پر ہیں جہاں وہ آسیان۔ہندوستان وزرائے خارجہ اجلاس۔ مشرقی ایشیا سربراہ اجلاس کے وزرائے خارجہ اجلاس اور آسیان علاقائی فورم کے اجلاسوں میں شرکت کر رہے ہیں۔اس سے قبل جے شنکر نے سنگاپور کے وزیر خارجہ ویوین بالا کرشنن کے ساتھ ظہرانے پر ملاقات کی اور علاقائی و عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے آسیان اجلاسوں کے موقع پر کئی اہم دوطرفہ ملاقاتیں بھی کیں۔روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف سے ملاقات کے دوران جے شنکر نے تجارتی جہاز ایم وی گولڈن لیو پر حملے میں چار ہندوستانی ملاحوں کی ہلاکت پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے خطے میں ہندوستانی ملاحوں کی سلامتی کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ دونوں رہنماؤں نے تجارت۔ سرمایہ کاری۔ توانائی۔ رابطہ کاری۔ سائنس و ٹیکنالوجی۔ نقل و حرکت۔ یوکرین تنازع اور خلیجی صورتحال پر بھی گفتگو کی۔

چین کے وزیر خارجہ وانگ یی کے ساتھ ملاقات میں جے شنکر نے کہا کہ باہمی احترام۔ مشترکہ مفاد اور باہمی حساسیت پر مبنی مستحکم اور تعمیری ہندوستان۔چین تعلقات ایک کثیر قطبی ایشیا اور دنیا کے لیے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ سرحدی علاقوں میں امن اور استحکام معمول کے تعلقات کی بنیادی شرط ہے۔ انہوں نے براہ راست پروازوں کی بحالی۔ کیلاش مانسروور یاترا کے دوبارہ آغاز اور سرحدی تجارت کی بحالی کا خیر مقدم کیا۔ ساتھ ہی منڈی تک منصفانہ رسائی۔ تجارتی توازن اور سپلائی چین کے استحکام جیسے معاملات پر مزید توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

بعد ازاں جے شنکر نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے بھی ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے ہندوستان۔امریکہ جامع عالمی اسٹریٹجک شراکت داری کے اہم شعبوں پر تبادلہ خیال کیا جن میں تجارت۔ محصولات۔ توانائی۔ دفاع و سلامتی۔ اہم معدنیات۔ مصنوعی ذہانت اور علاقائی و عالمی امور شامل تھے۔یہ ملاقات کواڈ وزرائے خارجہ اجلاس کے موقع پر ہوئی جہاں چاروں ممالک نے آزاد اور کھلے ہند۔بحرالکاہل خطے اور آسیان کی مرکزی حیثیت کے لیے اپنی وابستگی کا اعادہ کیا۔

جے شنکر نے اسی روز آسٹریلیا کی وزیر خارجہ پینی وونگ اور فلپائن کی سیکریٹری خارجہ ماریا تھریسا لازارو سے بھی ملاقات کی۔ آسٹریلیا کے ساتھ وزیر اعظم نریندر مودی کے حالیہ دورے کے نتائج پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا جبکہ فلپائن کے ساتھ تجارت۔ سرمایہ کاری۔ تعلیم۔ دفاع۔ سمندری تعاون۔ صلاحیت سازی اور ہند۔بحرالکاہل کی تازہ صورتحال پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔