نئی دہلی
وزیر خارجہ ایس جے شنکر پارلیمنٹ میں قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال اور چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انیل چوہان کے ساتھ ایک اہم میٹنگ کر رہے ہیں۔اس سے پہلے جے شنکر نے راجیہ سبھا سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی مغربی ایشیا میں جاری تنازع کی صورتحال پر ذاتی طور پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
مغربی ایشیا کی کشیدہ صورتحال پر ایوان کو آگاہ کرتے ہوئے جے شنکر نے تصدیق کی کہ حکومت نے ایران میں مقیم ہندوستانی شہریوں کے لیے باضابطہ ہدایات جاری کر دی ہیں اور اس بات پر زور دیا کہ شہریوں کی سلامتی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا كہ وزیر اعظم صورتحال میں ہونے والی نئی پیش رفت پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور متعلقہ وزارتیں مؤثر ردعمل کو یقینی بنانے کے لیے آپس میں رابطہ قائم کیے ہوئے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت خلیجی ممالک میں مقیم ہندوستانی شہریوں سے مسلسل رابطے میں ہے اور تہران میں ہندوستانی سفارت خانہ مکمل طور پر فعال ہے، جو تنازع میں پھنسے طلبہ کی بھرپور مدد کر رہا ہے۔
وزیر خارجہ نے ایوان کو بتایا کہ سفارت خانے نے کئی طلبہ کو پہلے ہی “زیادہ محفوظ علاقوں” میں منتقل کرنے میں مدد فراہم کی ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ قطر اور اردن جیسے ممالک میں پھنسے ہندوستانی شہریوں کو محفوظ طریقے سے واپس لانے کے لیے بھی تیز رفتار کوششیں جاری ہیں۔
سمندری راستوں میں خلل کے باعث ہونے والے جانی نقصان کے بارے میں جے شنکر نے راجیہ سبھا کو بتایا كہ ہم نے دو ہندوستانی سمندری ملاح (مرچنٹ شپنگ) کھو دیے ہیں جبکہ ایک اب بھی لاپتہ ہے۔
انہوں نے اس تنازع کے وسیع جغرافیائی اور معاشی اثرات پر بات کرتے ہوئے کہا كہ یہ جاری تنازع ہندوستان کے لیے خاص تشویش کا باعث ہے۔ ہم اس خطے کے قریب واقع ہیں اور یہ ہمارے مفاد میں ہے کہ مغربی ایشیا میں استحکام برقرار رہے۔انہوں نے ایوان کو یاد دلایا کہ تقریباً ایک کروڑ ہندوستانی خلیجی ممالک میں رہتے اور کام کرتے ہیں، جبکہ ہزاروں افراد ایران میں تعلیم یا روزگار کے لیے موجود ہیں۔
جے شنکر نے خبردار کیا کہ یہ خطہ ہندوستان کی توانائی سلامتی کے لیے انتہائی اہم ہے کیونکہ یہاں تیل اور گیس کے بڑے سپلائر موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ “سپلائی چین میں سنگین رکاوٹیں اور عدم استحکام کا ماحول ایک بڑا مسئلہ ہے۔” ان کے مطابق تنازع مسلسل شدت اختیار کر رہا ہے اور خطے کی سلامتی کی صورتحال “نمایاں طور پر بگڑ چکی ہے۔
وزیر خارجہ کے مطابق اب یہ جھڑپیں دوسرے ممالک تک بھی پھیل چکی ہیں اور بڑے پیمانے پر تباہی کے باعث عام زندگی اور معمول کی سرگرمیاں واضح طور پر متاثر ہو رہی ہیں۔
ہندوستان کے سفارتی مؤقف کو دہراتے ہوئے جے شنکر نے کہا کہ “مذاکرات اور سفارت کاری ہی وہ راستے ہیں جن کے ذریعے تمام فریق کشیدگی کو کم کر سکتے ہیں۔انہوں نے پارلیمنٹ کو یاد دلایا کہ حکومت نے گزشتہ ماہ ہی اس صورتحال پر تشویش ظاہر کر دی تھی۔
انہوں نے کہا كہ ہماری حکومت نے 20 فروری کو ایک بیان جاری کر کے گہری تشویش ظاہر کی تھی اور تمام فریقوں سے تحمل برتنے کی اپیل کی تھی۔ ہم اب بھی یہی سمجھتے ہیں کہ کشیدگی کم کرنے کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کا راستہ اختیار کیا جانا چاہیے۔
یہ بیان ایسے وقت میں دیا گیا جب ایوان میں اپوزیشن ارکان کی جانب سے شور شرابہ اور نعرے بازی کی وجہ سے ماحول کافی ہنگامہ خیز تھا۔