پیرس
وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے فرانس میں منعقدہ جی 7 وزرائے خارجہ اجلاس کے موقع پر اپنی کینیڈین ہم منصب انیتا آنند سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے اہم شعبوں جیسے اہم معدنیات اور تجارت میں ہندوستان اور کینیڈا کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔ اس ملاقات کی تفصیلات کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر شیئر کیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے مغربی ایشیا کی صورتحال پر بھی گفتگو کی اور حال ہی میں کینیڈا کے وزیر اعظم مارک کارنی کے ہندوستان دورے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری کو آگے بڑھانے پر بات کی۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ میں نے اپنے ہندوستانی ہم منصب ڈاکٹر ایس جے شنکر سے ملاقات کی تاکہ اس شراکت داری کو آگے بڑھایا جا سکے جسے ہمارے وزرائے اعظم نے اس سال کے اوائل میں ہندوستان کے دورے کے دوران مضبوط کیا تھا۔ ہم نے تجارت، مشرق وسطیٰ کی صورتحال، اور ان اہم شعبوں پر بات کی جہاں ہم تعاون کو مزید گہرا کر سکتے ہیں، جن میں اہم معدنیات، زراعت اور تعلیم شامل ہیں۔دریں اثنا، جرمنی کے وزیر خارجہ یوهان واڈیفل نے بھی ایس جے شنکر سے ملاقات کی اور مغربی ایشیا کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
جرمن وزیر خارجہ نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ڈاکٹر ایس جے شنکر سے ملاقات ہمیشہ خوشگوار ہوتی ہے۔ ہماری مسلسل بات چیت ہندوستان اور جرمنی کے درمیان مضبوط شراکت داری کی عکاسی کرتی ہے۔ ہم دونوں مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور اس کے عالمی اثرات پر فکرمند ہیں اور سفارتی اقدامات کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔جی 7 وزرائے خارجہ اجلاس کے دوران عالمی حکمرانی میں اصلاحات سے متعلق اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے ایس جے شنکر نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اصلاحات، امن مشنز کو مؤثر بنانے اور انسانی امداد کی سپلائی چین کو مضبوط کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے خاص طور پر گلوبل ساؤتھ کو درپیش توانائی کے مسائل، کھاد کی فراہمی اور غذائی تحفظ کے خدشات کو اجاگر کیا۔
وزیر خارجہ نے جی 7 اجلاس کے دوسرے سیشن میں آئی ایم ای سی کے حوالے سے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مغربی ایشیا میں جاری تنازعات سے پیدا ہونے والی غیر یقینی صورتحال مضبوط تجارتی راہداریوں اور مستحکم سپلائی چینز کی ضرورت کو مزید اجاگر کرتی ہے۔