کانگریس نے بی جے پی پر تنقید کی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 10-06-2026
کانگریس نے بی جے پی پر تنقید کی
کانگریس نے بی جے پی پر تنقید کی

 



نئی دہلی
کانگریس کے سینئر رہنما جے رام رمیش نے بدھ کے روز وزیر اعظم نریندر مودی پر ’’جمہوریت کے قتل‘‘ کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ 4,399 دن مکمل کرکے ملک کے سب سے طویل عرصے تک مسلسل خدمات انجام دینے والے منتخب وزیر اعظم بننے کا دعویٰ ایک ’’مشکوک انداز میں گھڑا گیا سنگِ میل‘‘ ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی کے سابق وزیر اعظم پنڈت جواہر لعل نہرو کے مسلسل 4,398 دن اقتدار میں رہنے کے ریکارڈ کو عبور کرنے کے بعد جے رام رمیش نے آزادی کے بعد کے ابتدائی برسوں کی کامیابیوں کو یاد کیا۔
کانگریس رہنما نے نیٹ-یو جی پرچہ لیک معاملے، سی بی ایس ای میں مبینہ بے ضابطگیوں اور انتخابی فہرستوں کی خصوصی جامع نظرثانی (ایس آئی آر) کے معاملے پر بھی وزیر اعظم مودی کو نشانہ بنایا۔
جے رام رمیش نے ایکس پر لکھا کہ پنڈت جواہر لعل نہرو 15 اگست 1947 کو ایک ایسی شاندار کابینہ کی قیادت کرتے ہوئے وزیر اعظم بنے جس کی مثال دنیا میں کم ہی ملتی ہے۔ اگلے پانچ برسوں میں جدید ہندوستان کی بنیاد رکھی گئی۔ 560 سے زائد نوابی ریاستوں کو پُرامن طریقے سے ہندوستانی اتحاد میں شامل کیا گیا، آئین پر بحث ہوئی اور اسے منظور کیا گیا، زمینداری نظام کا خاتمہ کیا گیا، درج فہرست ذاتوں اور درج فہرست قبائل کے لیے ریزرویشن نافذ کیا گیا، آبپاشی اور بجلی کے متعدد بڑے منصوبے شروع کیے گئے، سائنس اور ٹیکنالوجی کے بنیادی ڈھانچے بشمول جوہری توانائی کی بنیاد رکھی گئی اور ہندوستان عالمی امور میں ایک مؤثر قوت کے طور پر ابھرا۔
انہوں نے مزید کہا کہ 17 کروڑ رجسٹرڈ ووٹروں پر مشتمل انتخابی فہرستیں تیار کی گئیں تاکہ بالغ رائے دہی کے حق کو یقینی بنایا جا سکے اور آزاد ہندوستان کے پہلے عام انتخابات اکتوبر 1951 سے فروری 1952 کے درمیان منعقد ہوئے۔کانگریس رکن پارلیمنٹ نے الزام لگایا کہ مودی حکومت نے الیکشن کمیشن کی خودمختاری کو خطرے میں ڈال دیا ہے، سائنسی سوچ کو نقصان پہنچایا ہے اور درج فہرست ذاتوں، درج فہرست قبائل اور دیگر پسماندہ طبقات کے ریزرویشن کو کمزور کیا ہے۔
جے رام رمیش نے لکھا کہ 1947 سے 1952 کے درمیان نہرو کی قیادت میں حاصل ہونے والی کامیابیاں، جن میں سردار پٹیل، ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر، ڈاکٹر راجندر پرساد، سی راجا گوپالاچاری اور مولانا ابوالکلام آزاد جیسے رہنماؤں نے کلیدی کردار ادا کیا، آج مسٹر مودی مٹانے کی کوشش کر رہے ہیں، جو نہرو کے حوالے سے ایک غیر معمولی ذہنی وابستگی رکھتے ہیں۔ ہوسکتا ہے کہ آج انہوں نے خود ساختہ اور مشکوک سنگِ میل حاصل کر لیا ہو، لیکن وہ ہندوستان کے گلے کا بوجھ بن چکے ہیں اور ان کی قیادت میں ملک میں جمہوریت کا قتل ہو رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آزاد الیکشن کمیشن اور ووٹر فہرست جیسے جمہوری ادارے خطرے میں ہیں، جبکہ تعلیمی اداروں کی تباہی کے ذریعے سائنسی مزاج کو ختم کیا جا رہا ہے، جس کی مثال حالیہ نیٹ اور سی بی ایس ای تنازعات ہیں۔
جے رام رمیش نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ نجکاری اور ’’ناٹ فاؤنڈ سوٹیبل‘‘ جیسے طریقوں کے ذریعے ریزرویشن کے نظام کو کمزور کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ 2024 کے انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی کو واضح اکثریت حاصل نہیں ہوئی اور اسے این ڈی اے حکومت بنانے کے لیے اتحادی جماعتوں کا سہارا لینا پڑا، جبکہ اس کے برعکس پنڈت نہرو نے 1952، 1957 اور 1962 کے عام انتخابات میں بھاری اکثریت حاصل کی تھی۔
انہوں نے لکھا کہ جبکہ نہرو نے 1952، 1957 اور 1962 میں فیصلہ کن اکثریت حاصل کی، مسٹر مودی 2024 میں سادہ اکثریت بھی حاصل نہ کر سکے اور انہیں جلدی میں این ڈی اے کا اجلاس بلا کر خود کو وزیر اعظم نامزد کروانا پڑا۔ 2024 کا انتخابی نتیجہ ہرگز ان کے حق میں واضح عوامی مینڈیٹ نہیں تھا۔
دوسری جانب کانگریس رہنما اور سینئر وکیل ابھیشیک منو سنگھوی نے اس سنگِ میل کے جشن کو ’’پروپیگنڈا مہم‘‘ قرار دیا۔انہوں نے ایکس پر لکھا کہ بی جے پی کی تازہ ترین پروپیگنڈا مہم حقیقت کا سامنا کرے۔ پنڈت جواہر لعل نہرو ہی ہندوستان کے سب سے طویل عرصے تک خدمات انجام دینے والے وزیر اعظم ہیں۔ بی جے پی کا دعویٰ صرف اس تکنیکی بنیاد پر قائم ہے کہ وہ گنتی 26 جنوری 1950 سے شروع کرتی ہے اور پھر آسانی سے 'سب سے طویل عرصے تک منتخب وزیر اعظم' کی اصطلاح استعمال کرتی ہے۔ ہندوستان 26 جنوری 1950 کو وجود میں نہیں آیا تھا بلکہ ایک آزاد قوم کے طور پر ہمارا سفر 15 اگست 1947 سے شروع ہوا تھا۔
سنگھوی نے مزید کہا کہ ریکارڈ بنانے کے بجائے حکومت کو عوامی مسائل کے حل پر توجہ دینی چاہیے اور تاریخ کو سیاسی تشہیر کے ذریعے تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔ادھر وزیر اعظم نریندر مودی کے مسلسل سب سے طویل عرصے تک وزیر اعظم رہنے کے ریکارڈ کے بعد ان کا موازنہ ملک کے پہلے وزیر اعظم جواہر لعل نہرو سے کیا جا رہا ہے۔
اس سے قبل سابق صدر رام ناتھ کووند نے وزیر اعظم مودی کے 12 سالہ دورِ حکومت کو آزادی کے بعد ہندوستان کی تاریخ کا ایک ’’فیصلہ کن دور‘‘ قرار دیتے ہوئے موجودہ حکومت کی تعریف کی تھی۔
کووند نے کہا تھا کہ وزیر اعظم مودی نے عالمی سطح پر ہندوستان کو ’’جمہوریت کی ماں‘‘ کے طور پر پیش کیا، جبکہ انہوں نے نہرو دور پر الزام عائد کیا کہ اس نے تھامس میکالے کے نظریات کو فروغ دیا۔