منشیات دہشت گردی سے منسلک ہیں: ایل جی منوج سنہا

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 02-05-2026
منشیات دہشت گردی سے منسلک ہیں: ایل جی منوج سنہا
منشیات دہشت گردی سے منسلک ہیں: ایل جی منوج سنہا

 



سری نگر
جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں منشیات کے بڑھتے ہوئے استعمال پر سخت بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس خطے میں منشیات کی تجارت کا براہِ راست تعلق دہشت گردی سے ہے۔ایک سخت اور جامع مہم کا اعلان کرتے ہوئے ایل جی نے اس مسئلے کو جموں و کشمیر کے نوجوانوں کے لیے ایک "سنگین خطرہ" قرار دیا اور اسے ختم کرنے کے لیے مکمل منصوبہ پیشبہ پیش کیا۔
انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے 2020 میں شروع کیے گئے ’نشہ مکت ہندوستان ابھیان‘ کی بنیاد پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر میں یہ مسئلہ زیادہ پیچیدہ اور خطرناک نوعیت اختیار کر چکا ہے۔منوج سنہا نے کہا کہ بہت سے نوجوان منشیات کی لت میں مبتلا ہو رہے ہیں، جو ایک سنگین مسئلہ ہے۔ میرا ماننا ہے کہ یہاں منشیات کا نیٹ ورک دہشت گردی سے جڑا ہوا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق، منشیات صرف ایک سماجی مسئلہ نہیں بلکہ ایک ایسی حکمتِ عملی کا حصہ ہے جسے خطے کو غیر مستحکم کرنے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔اس سے نمٹنے کے لیے جموں و کشمیر انتظامیہ نے 11 اپریل کو 100 دن کی ایک خصوصی مہم شروع کی، جو "3-پی " حکمتِ عملی پر مبنی ہے کہ سپلائی چین اور نارکو-ٹیرر نیٹ ورکس کو توڑ کر رکاوٹ پیدا کرنا، عوامی بیداری کے ذریعے ہر فرد تک تعلیم پہنچانا، اور متاثرہ افراد کے لیے علاج اور بحالی کا انتظام کرنا۔
ایل جی سنہا نے کہا کہ اس مہم میں اب تک "کچھ کامیابی" ملی ہے، جس کا سہرا انتظامیہ، پولیس اور عوام کے درمیان بہتر تال میل کو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مہم اب صرف سرکاری پالیسی نہیں رہی بلکہ ایک عوامی تحریک بن چکی ہے۔قانون نافذ کرنے والے ادارے اعلیٰ سطح کی انٹیلیجنس اور سرحدی نگرانی پر توجہ دے رہے ہیں تاکہ منشیات کی اسمگلنگ کو روکا جا سکے۔ انہوں نے کہا، "ہر طبقہ اس مہم کی حمایت میں آگے آیا ہے،" اور اس بات پر زور دیا کہ خاندانوں اور مقامی رہنماؤں کا کردار بھی بہت اہم ہے۔
جیسے جیسے یہ 100 دن کی مہم آگے بڑھ رہی ہے، انتظامیہ کا مقصد نہ صرف نشے کے عادی افراد کی بحالی ہے بلکہ اس سپلائی چین کو بھی ختم کرنا ہے جو منشیات اور شدت پسندی دونوں کو فروغ دیتی ہے۔ایل جی کا پیغام واضح ہے کہ منشیات کے خلاف جنگ دراصل جموں و کشمیر کے مستقبل اور سلامتی کی جنگ ہے۔یہ بیان کل سری نگر کے ٹی آر سی فٹبال اسٹیڈیم میں ہونے والی ’میگا پدیاترا‘ سے ایک دن پہلے آیا ہے، جس کا مقصد نشہ سے پاک جموں و کشمیر بنانا ہے۔
پدیاترا سے پہلے، منوج سنہا نے عوام سے اپیل کی کہ وہ آئندہ نسلوں کے لیے ایک محفوظ اور صحت مند جموں و کشمیر بنانے میں حصہ لیں۔انہوں نے کہا کہ میں پورے جموں و کشمیر میں ایک مضبوط تحریک دیکھ رہا ہوں جو نشہ سے پاک مستقبل کے لیے کام کر رہی ہے۔ 3 مئی کو سری نگر کے ٹی آر سی فٹبال اسٹیڈیم میں ایک میگا پدیاترا ہوگی۔ میں سب سے اپیل کرتا ہوں کہ اس میں شامل ہوں، متحد ہوں اور آنے والی نسلوں کے لیے ایک محفوظ اور صحت مند جموں و کشمیر کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں۔