نئی دہلی
ترکیہ سے حال ہی میں ہندوستان لایا گیا منشیات کا بین الاقوامی اسمگلر محمد سلیم ڈولا وہاں جعلی نام سے بلغاریہ کے پاسپورٹ پر رہ رہا تھا۔ حکام نے جمعہ کے روز یہ معلومات فراہم کیں۔
ممبئی کی ایک مقامی عدالت نے جمعرات کو ڈولا (59) کو 8 مئی تک کے لیے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی تحویل میں بھیج دیا۔
حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ڈولا بلغاریہ کے پاسپورٹ کے ساتھ ترکیہ میں "حمزہ" کے نام سے رہ رہا تھا۔انہوں نے بتایا کہ اس کا بلغاریہ پاسپورٹ درست تھا یا نہیں، اس کی جانچ کی جا رہی ہے۔
تحقیقاتی ایجنسی نے ممبئی کی عدالت کو بتایا کہ ڈولا کا نام داؤد ابراہیم سے منسلک ایک بین الاقوامی اسمگلر کے طور پر سامنے آیا ہے اور جون 2023 میں جنوبی ممبئی سے ضبط کیے گئے منشیاتی مادہ "میفیڈرون" کے اہم سپلائر کے طور پر اس کی شناخت ہوئی ہے۔ڈولا کو ہندوستان کی درخواست پر مارچ 2024 میں جاری انٹرپول ریڈ نوٹس کی بنیاد پر ترکیہ سے گرفتار کیا گیا تھا۔ وہ ہندوستان میں منشیات کی اسمگلنگ کے کئی مقدمات میں مطلوب تھا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بچنے کے لیے مفرور تھا۔