ڈاکٹر انوپ چندر پانڈے: ملک کے نئے الیکشن کمشنر مقرر

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 09-06-2021
ڈاکٹر انوپ چندر پانڈے
ڈاکٹر انوپ چندر پانڈے

 

 

نئی دہلی: اتر پردیش کے چیف سکریٹری رہ چکے ڈاکٹر انوپ چندر پانڈے کو ملک کا نیا الیکشن کمشنر مقرر کیا گیا ہے۔ انوپ چندر 1984 بیچ کے انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس (آئی اے ایس) کے افسر ہیں اور انہیں سول سروسز کا 37 سال کا تجربہ ہے۔ اسی کے ساتھ الیکشن کمیشن کا پینل بھی مکمل ہو چکا ہے کیونکہ تینوں کمشنروں کی تقرری کی جا چکی ہے۔ وزارت قانون و انصاف نے بدھ کے روز بتایا کہ صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے 1984 بیچ کے اتر پردیش کیڈر کے سابق آئی اے ایس افسر پانڈے کو الیکشن کمشنر مقرر کیا ہے۔ وزارت کے مطابق گزشتہ دیر شام اس بابت وزارت قانون و انصاف کے محکمہ قانون کی جانب سے ایک نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔

انوپ چندر پانڈے کی تقرری عہدہ سنبھالنے کے دن سے عمل میں آئے گی۔ سال 2018 میں اتر پردیش کے چیف سکریٹری مقرر ہونے والے انوپ چندر اگست 2019 تک اس عہدہ پر فائز رہے تھے۔ ان دنوں وہ این جی ٹی میں یوپی نگرانی کمیٹی کے رکن ہیں۔ اس سے قبل انوپ چندر اتر پردیش میں کئی اہم عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔ انوپ چندر پانڈے کی تقرری کے بعد الیکشن کمیشن میں ارکان کی تعداد ایک مرتبہ پھر تین ہو گئی ہے۔ سنیل اروڑا کی مدت کار ختم ہونے کے بعد سال 2021 میں الیکشن کمشنر سشیل چندرا کو یہ ذمہ داری سونپی گئی تھی۔ وہیں ریٹائرڈ آئی اے ایس راجیو کمار تیسرے الیکشن کمشنر ہیں۔