ترواننت پورم
کیرالہ کے وزیر اعلیٰ کے عہدے کے لیے تین بڑے دعویداروں کے حامیوں کی جانب سے تیز ہوتی لابنگ اور عوامی مہمات کے درمیان کانگریس کے سینئر رہنما کے مرلی دھرن نے ہفتہ کے روز کہا کہ پارٹی ہائی کمان آئندہ 24 گھنٹوں میں اس معاملے پر حتمی فیصلہ کر سکتی ہے۔
کانگریس کی قیادت والے متحدہ جمہوری محاذ (یو ڈی ایف) کی اسمبلی انتخابات میں شاندار کامیابی کے بعد پارٹی کے اندر سرگرم لابنگ شروع ہو گئی ہے۔ ریاست کے مختلف حصوں میں سینئر رہنماؤں وی ڈی ستیسن، رمیش چنیتھلا اور کے سی وینوگوپال کی حمایت میں فلیکس بورڈ مہمات، پوسٹر جنگ اور مظاہرے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔
مرلی دھرن نے ترواننت پورم میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہلی سے جو اطلاعات مل رہی ہیں، ان کے مطابق وزیر اعلیٰ کے امیدوار پر مشاورت آئندہ 24 گھنٹوں میں مکمل ہو جائے گی۔تاہم سینئر رہنما نے واضح کیا کہ صرف فلیکس بورڈ اور عوامی مظاہرے ہی قیادت کے مسئلے کا فیصلہ نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ میں عوامی طور پر یہ ظاہر نہیں کروں گا کہ میں نے ہائی کمان کے نمائندوں سے کیا بات کی۔ میں نے اپنے حلقے کے عوام کے جذبات ان تک پہنچا دیے ہیں۔ عوام نے جو رائے ظاہر کی، وہ انہیں واضح طور پر بتا دی گئی۔
مرلی دھرن نے مزید کہا کہ فیصلہ مناسب وقت پر ہوگا۔ وزیر اعلیٰ کے انتخاب میں صرف سینئرٹی ہی معیار نہیں ہوتی۔ پارٹی نے ہمیشہ اسی پیمانے پر عمل نہیں کیا۔ان کے مطابق زیادہ تر ایم ایل ایز اور اتحادی جماعتوں کی رائے بھی اہم ہوگی کیونکہ کانگریس کی قیادت والی یو ڈی ایف حکومت ایک جماعتی حکومت نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ اتحادی جماعتوں کی رائے کو بھی فطری طور پر مدنظر رکھنا ہوگا۔ یہ ایک اتحادی حکومت ہے۔ادھر سنی جوزف نے نئی دہلی میں صحافیوں سے کہا کہ کانگریس قیادت جلد از جلد حتمی فیصلہ لینے کی کوشش کر رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ تینوں سینئر رہنماؤں کی ایک میٹنگ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کی رہائش گاہ پر شام چار بجے ہوگی۔
سنی جوزف نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ اتفاقِ رائے پیدا ہو جائے گا۔ ہم جلد فیصلے کی توقع رکھتے ہیں۔ معاملہ مکمل طور پر آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی قیادت پر چھوڑ دیا گیا ہے۔انہوں نے پارٹی کارکنوں سے بھی اپیل کی کہ وزیر اعلیٰ کے عہدے کے معاملے پر عوامی مظاہروں اور فلیکس بورڈ مہمات سے گریز کریں۔
کانگریس کے سینئر رہنما پی جے کورین اور کلپیٹا کے ایم ایل اے ٹی صدیق نے بھی جاری احتجاج، فلیکس بورڈ مہمات اور مختلف رہنماؤں کے حامیوں کے درمیان عوامی تلخ بیانات پر سخت ناراضی ظاہر کی۔کورین نے کہا کہ ہر شخص کو اپنی رائے ظاہر کرنے کا حق ہے، لیکن فلیکس بورڈ توڑنا یا ان پر سیاہ تیل پھینکنا غلط ہے۔ یہ سب دباؤ ڈالنے کے حربے ہیں۔ وزیر اعلیٰ کا فیصلہ دباؤ ڈال کر نہیں کیا جا سکتا۔
ٹی صدیق نے سینئر رہنماؤں کے خلاف عوامی حملوں پر ’’گہری تکلیف اور مایوسی‘‘ ظاہر کی۔
انہوں نے کہا کہ جن رہنماؤں نے اپنی زندگی عوامی خدمت کے لیے وقف کر دی، انہیں عوام کے سامنے ذلیل نہیں کیا جانا چاہیے۔ یہ کانگریس کی ثقافت نہیں ہے۔یہ بیانات ایسے وقت سامنے آئے ہیں جب اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی قیادت والی یو ڈی ایف کی زبردست کامیابی کے بعد کیرالہ بھر میں مختلف دعویداروں کے حق میں عوامی مہمات جاری ہیں۔
ستیسن کی حمایت میں ریاست بھر میں فلیکس بورڈ اور پوسٹروں کے ساتھ ساتھ مختلف اضلاع میں پارٹی کارکنوں کی جانب سے انہیں وزیر اعلیٰ بنانے کے مطالبے پر روڈ شوز اور مظاہروں کی بھی اطلاعات ہیں۔
اسی دوران وینوگوپال اور چنیتھلا کی حمایت میں بھی کئی مقامات پر فلیکس بورڈ سامنے آئے ہیں، جو ہائی کمان کے حتمی فیصلے سے قبل پارٹی کے مختلف حلقوں میں بڑھتے دباؤ کی عکاسی کرتے ہیں۔نو منتخب ایم ایل ایز کی رائے جاننے کے لیے مقرر کیے گئے کانگریس کے دو مبصرین نے جمعہ کو اپنی رپورٹ کھڑگے کو سونپ دی اور قیادت سے وزیر اعلیٰ کے امیدوار پر حتمی فیصلہ لینے کی اپیل کی۔
اب توجہ قومی دارالحکومت پر مرکوز ہو گئی ہے، جہاں کانگریس قیادت نے حکومت سازی اور قیادت کے معاملے پر مشاورت کے لیے کیرالہ کے سینئر رہنماؤں کو طلب کیا ہے۔
ستیسن، چنیتھلا اور سنی جوزف سمیت کئی رہنما جمعہ کی رات دہلی پہنچے تاکہ پارٹی قیادت کے ساتھ حکومت سازی اور قیادت کے مسئلے پر بات چیت کر سکیں۔