دہلی میں رہائش سے قبل طلاق، کورٹ کا سماعت سے انکار

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 08-09-2026
دہلی میں رہائش سے  قبل طلاق، کورٹ کا سماعت سے انکار
دہلی میں رہائش سے قبل طلاق، کورٹ کا سماعت سے انکار

 



نئی دہلی: دہلی ہائی کورٹ نے کہا ہے کہ محض اس بنیاد پر کہ میاں بیوی ماضی میں دہلی میں ایک ساتھ رہ چکے ہیں، دہلی کی فیملی کورٹ کو مقدمے کی سماعت کا علاقائی اختیار حاصل نہیں ہو جاتا، اگر بعد میں دونوں کہیں اور منتقل ہوگئے ہوں اور آخری بار کسی دوسری جگہ ایک ساتھ رہے ہوں۔

عدالت نے کہا کہ ہندو میرج ایکٹ 1955 کی دفعہ 19(iii) کے تحت ازدواجی معاملات میں علاقائی دائرۂ اختیار طے کرنے کے لیے وہ جگہ اہم ہے جہاں میاں بیوی نے ’’آخری بار ایک ساتھ رہائش اختیار کی‘‘ ہو۔ جسٹس وویک چودھری اور جسٹس رینو بھٹناگر پر مشتمل ڈویژن بنچ نے یہ مشاہدہ ایک خاتون کی جانب سے دائر اپیل مسترد کرتے ہوئے کیا۔ خاتون نے ساکیت کی فیملی کورٹ کی جانب سے علاقائی دائرۂ اختیار نہ ہونے کی بنیاد پر ان کی طلاق کی درخواست واپس کرنے کے فیصلے کو چیلنج کیا تھا۔

عدالت نے کہا، ’’صرف اس بات پر انحصار کرنا کہ فریقین تقریباً ڈیڑھ سال تک سنگم وہار میں رہائش پذیر رہے، فیملی کورٹ کو علاقائی دائرۂ اختیار نہیں دے سکتا، کیونکہ یہ تسلیم شدہ حقیقت ہے کہ اس کے بعد دونوں گڑگاؤں منتقل ہوگئے اور آخری بار وہیں ایک ساتھ رہے۔‘‘ ہائی کورٹ نے کہا کہ ہندو میرج ایکٹ کی دفعہ 19(iii) کے تحت ضروری ہے کہ میاں بیوی نے آخری بار اسی عدالت کے علاقائی دائرۂ اختیار میں ایک ساتھ رہائش اختیار کی ہو جہاں ازدواجی مقدمہ دائر کیا گیا ہے۔ بیوی نے ساکیت کی فیملی کورٹ میں شوہر کے ظلم کو بنیاد بناتے ہوئے شادی ختم کرنے کے لیے درخواست دائر کی تھی۔

تاہم فیملی کورٹ نے ضابطۂ دیوانی کے آرڈر 7 رول 10 کے تحت یہ کہتے ہوئے درخواست واپس کر دی کہ اس کے پاس مقدمے کی سماعت کا علاقائی اختیار نہیں ہے اور درخواست مناسب عدالت میں پیش کی جانی چاہیے۔ معاملے کے مطابق دونوں کی شادی جنوری 2019 میں گڑگاؤں میں ہوئی تھی۔ شادی کے بعد دونوں تقریباً ڈیڑھ سے دو سال تک دہلی کے سنگم وہار میں ایک ساتھ رہے۔ اس کے بعد وہ گڑگاؤں منتقل ہوگئے، جہاں چار سال سے زیادہ عرصے تک ایک ساتھ رہتے رہے۔

بیوی نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ سنگم وہار میں ان کی رہائش دہلی کی عدالتوں کو علاقائی دائرۂ اختیار دینے کے لیے کافی ہے، کیونکہ وہاں ان کا قیام عارضی یا مختصر مدت کا نہیں تھا۔ ہائی کورٹ نے اس دلیل کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ دفعہ 19(iii) کی قانونی زبان واضح طور پر اس مقام کا حوالہ دیتی ہے جہاں ’’میاں بیوی نے آخری بار ایک ساتھ رہائش اختیار کی‘‘۔ عدالت نے کہا، ’’فریقین دہلی کے سنگم وہار میں تقریباً ڈیڑھ سے دو سال تک ایک ساتھ رہے، جس کے بعد وہ گڑگاؤں میں چار سال سے زیادہ عرصے تک ایک ساتھ رہے۔‘‘ عدالت نے مزید کہا کہ فیملی کورٹ نے درست نتیجہ اخذ کیا تھا کہ میاں بیوی نے آخری بار گڑگاؤں میں ایک ساتھ رہائش اختیار کی تھی، دہلی میں نہیں۔

بنچ نے اپیل میں ایک قانونی خامی کی بھی نشاندہی کی۔ عدالت نے کہا کہ بیوی نے اپیل ریاستِ دہلی کے خلاف دائر کی، لیکن اپنے شوہر کو فریق نہیں بنایا، حالانکہ اصل طلاق کے مقدمے میں شوہر مدعا علیہ تھا۔ عدالت نے کہا، ’’ہم یہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ اپیل کنندہ بیوی اور مدعا علیہ شوہر کے درمیان طلاق کی کارروائی میں منظور کیے گئے حکم کو چیلنج کرنے والی موجودہ اپیل ریاستِ دہلی کے خلاف کیسے برقرار رہ سکتی ہے، خاص طور پر جب مدعا علیہ شوہر کو اس اپیل میں فریق ہی نہیں بنایا گیا۔‘‘

عدالت نے فریقین کی فہرست میں اس خامی کی وجہ سے اپیل کو ناقابلِ سماعت قرار دیا، تاہم اس کے باوجود معاملے کی میرٹ پر بھی غور کیا۔ ہائی کورٹ نے خاتون کی جانب سے پیش کیے گئے بعض سابقہ عدالتی فیصلوں پر انحصار کو بھی مسترد کردیا۔ عدالت نے کہا کہ ان میں سے کوئی بھی فیصلہ اس مؤقف کی حمایت نہیں کرتا کہ میاں بیوی ماضی میں جس بھی مقام پر ایک ساتھ رہ چکے ہوں، وہ مقام بعد میں کہیں اور منتقل ہونے کے باوجود ازدواجی مقدمے کی سماعت کا علاقائی دائرۂ اختیار برقرار رکھے گا۔