نئی دہلی
دلیپ گھوش نے مغربی بنگال کے کھڑگپور سے نو منتخب رکن اسمبلی کے طور پر جمعرات کو شوبھندو ادھیکاری کے قریبی ساتھی کے قتل کی سخت مذمت کی اور الزام لگایا کہ اسمبلی انتخابات میں پارٹی کی کامیابی کے باوجود کارکنوں کو ظلم و ستم کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
بھارتیہ جنتا پارٹی کی ریاستی یونٹ کے سابق صدر دلیپ گھوش نے کہا کہ تشدد کے واقعات کو فوری طور پر روکا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی اقتدار میں آ گئی ہے لیکن اقتدار ابھی مکمل طور پر ہمارے ہاتھوں میں نہیں آیا ہے۔ شوبھندو ادھیکاری کے ذاتی معاون پر حملہ کیا گیا۔ تشدد کے ان واقعات کو روکا جانا چاہیے۔ہندوستانی فضائیہ کے سابق اہلکار اور شوبھندو ادھیکاری کے طویل عرصے سے قریبی ساتھی چندرناتھ رتھ کو بدھ کی رات شمالی 24 پرگنہ ضلع میں نامعلوم حملہ آوروں نے گولی مار کر ہلاک کر دیا۔
گھوش نے پولیس سے اپیل کی کہ سماج دشمن عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور پارٹی کارکنوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ پولیس کو کارروائی کرنی چاہیے۔ سماج دشمن عناصر کو جیل بھیجا جانا چاہیے۔دلیپ گھوش نے الزام لگایا کہ ترنمول کانگریس کے اندر جاری اندرونی اختلافات زمینی سطح پر بے چینی اور بدامنی کا سبب بن رہے ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ لڑائی ترنمول کے مختلف گروپوں کے درمیان ہو رہی ہے اور بی جے پی کارکنوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور بتایا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد کی جانچ کی جا رہی ہے تاکہ جرم میں ملوث افراد کی شناخت کی جا سکے۔