ڈھاکہ/ آواز دی وائس
شیخ حسینہ کو بنگلہ دیش انٹرنیشنل کرائمز ٹربیونل کی جانب سے سزائے موت سنائے جانے کے چند روز بعد، بنگلہ دیش کی عبوری حکومت نے ہندوستان کی وزارتِ خارجہ کو اُن کی حوالگی کے لیے باضابطہ خط بھیجا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، حکام نے تصدیق کی ہے کہ روہنگیا معاملے کے لیے اعلیٰ نمائندے خلیل الرحمان کی نئی دہلی سے واپسی کے فوراً بعد ایک نیا سفارتی نوٹ بھیجا گیا۔
اتوار کو امورِ خارجہ کے مشیر توحید حسین نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ڈھاکہ نے شیخ حسینہ کی واپسی کے حوالے سے ہندوستان کے ساتھ دوبارہ باضابطہ رابطہ کیا ہے، مگر مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔ نئی دہلی میں ایک سفارتی ذریعے نے یونائیٹڈ نیوز آف بنگلہ دیش کو بتایا کہ نوٹ وربیل کلمبو سکیورٹی کونکلیو کے ساتویں نیشنل سکیورٹی ایڈوائزرز اجلاس کے فوراً بعد بھیجا گیا، جس میں خلیل الرحمان نے جمعرات کو شرکت کی تھی۔ اس ہفتے کے اوائل میں آئی سی ٹی نے اپنے فیصلے میں شیخ حسینہ اور سابق وزیرِ داخلہ اسد الزمان خان کمال کو گزشتہ سال جولائی۔اگست کے فسادات کے دوران انسانیت کے خلاف جرائم کے کیس میں سزائے موت سنائی۔
سابق پولیس چیف چوہدری عبداللہ المامون، جو ریاستی گواہ تھے، کو پانچ سال قید کی سزا ملی۔ فیصلے کے بعد ڈھاکہ نے ہندوستان سے دونوں مجرموں کو فوری طور پر واپس کرنے کا مطالبہ کیا۔ توحید حسین نے کہا کہ بنگلہ دیش اس معاملے پر باضابطہ طور پر ہندوستان کو اپنا مؤقف آگاہ کرے گا، اور یہ بھی کہ مقدمے کے اختتام کے بعد صورتِ حال تبدیل ہو چکی ہے۔
بنگلہ دیش کی وزارتِ خارجہ نے اپنے بیان میں، جسے ڈھاکہ ٹریبیون نے نقل کیا، کہاکہ یہ ہندوستان کی موجودہ حوالگی معاہدے کے تحت اس کی ذمہ داری بھی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ کسی بھی ملک کی جانب سے انسانیت کے خلاف جرائم میں سزا یافتہ افراد کو پناہ دینا انتہائی غیر دوستانہ اقدام اور انصاف کا مذاق ہوگا۔ ہندوستان نے ٹربیونل کے فیصلے کا نوٹس لیا اور کہا کہ وہ بنگلہ دیش کے ساتھ تعمیری طریقے سے رابطہ برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔ وزارتِ خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ایک قریبی ہمسائے کے طور پر ہندوستان بنگلہ دیش کے عوام کے بہترین مفاد، امن، جمہوریت، شمولیت اور استحکام کے لیے پرعزم ہے۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ نئی دہلی تمام فریقوں کے ساتھ کام جاری رکھے گا تاکہ ان مقاصد کو آگے بڑھایا جا سکے۔ ڈھاکہ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سکیورٹی تجزیہ کار اور بنگلہ دیش انسٹی ٹیوٹ آف پیس اینڈ سکیورٹی اسٹڈیز کے صدر اے این ایم منیر الزمان نے کہا کہ ہندوستان کو بنگلہ دیش کے قانونی عمل کا احترام کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ حسینہ کا مقدمہ "تمام بین الاقوامی معیار اور قانونی تقاضوں کے مطابق" چلا ہے، اور ان اصولوں کا احترام کرتے ہوئے انہیں بنگلہ دیش واپس بھیجنا چاہیے، جیسا کہ ڈھاکہ ٹریبیون نے رپورٹ کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان موجود حوالگی معاہدے میں ایسے معاملات سے متعلق دفعات موجود ہیں۔ منیر الزمان نے یہ بھی کہا کہ بین الاقوامی قانونی معیار کے مطابق، جب کسی ملک سے باضابطہ درخواست کی جائے تو سزا یافتہ افراد کو واپس کرنا لازمی سمجھا جاتا ہے۔ان کے مطابق ان اصولوں کی بنیاد پر نئی دہلی کو معاہدے کی پاسداری کرنی چاہیے اور ڈھاکہ کی درخواست پر تعاون کرنا چاہیے۔