کھرگے نے مودی پر تنقید کی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 06-03-2026
کھرگے نے  مودی پر تنقید کی
کھرگے نے مودی پر تنقید کی

 



نئی دہلی
کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے نے جمعہ کے روز کہا کہ ہندوستان کی اسٹریٹیجک خودمختاری اور قومی حاکمیت کو “سنگین خطرہ” لاحق ہے، کیونکہ امریکہ نے نئی دہلی کو روسی تیل خریدنے کے لیے 30 دن کی چھوٹ دی ہے، جبکہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری راستے متاثر ہو رہے ہیں۔
امریکی خزانہ کے سیکریٹری اسکاٹ بیسنٹ نے جمعرات (مقامی وقت کے مطابق) اس 30 روزہ اقدام کا اعلان کیا تھا، جس کا مقصد مغربی ایشیا میں جاری تنازع کے دوران ایران کے خلاف حکمت عملی اختیار کرنا ہے۔ اس تنازع نے خلیجی ممالک سے خام تیل کی سپلائی کو شدید متاثر کیا ہے۔
ایکس پر ایک پوسٹ میں ملکارجن کھڑگے نے وزیر اعظم نریندر مودی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ امریکہ کے ذریعے “بلیک میل” کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مودی کے نعرے “میں دیش نہیں جھکنے دوں گا” کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ یہ صرف انتخابات جیتنے کے لیے دیا گیا ایک نعرہ تھا۔
کھڑگے نے کہا کہ “الاؤ” اور “پرمیشن” جیسے الفاظ عموماً ان ممالک کے لیے استعمال ہوتے ہیں جن پر پابندیاں عائد ہوتی ہیں، نہ کہ عالمی نظام میں برابر کے شراکت داروں کے لیے۔
انہوں نے ایکس پر لکھا کہ ہندوستان کی اسٹریٹیجک خودمختاری اور قومی حاکمیت کو شدید خطرہ لاحق ہے کیونکہ وزیر اعظم مودی ایپسٹین فائلز اور اڈانی کیس کے معاملے میں بلیک میل ہو رہے ہیں۔ امریکہ کی جانب سے روسی تیل خریدنے کے لیے 30 دن کی چھوٹ دینا اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ مودی حکومت مسلسل سفارتی میدان میں پیچھے ہٹ رہی ہے۔ ان کے مطابق اس طرح کی زبان عموماً پابندیوں کا سامنا کرنے والے ممالک کے لیے استعمال کی جاتی ہے، نہ کہ ہندوستان جیسے ذمہ دار اور عالمی نظام کے برابر کے شراکت دار کے لیے۔
کھڑگے نے مزید الزام لگایا کہ وزیر اعظم مودی نے روس اور ایران سے تیل خریدنے کے معاملے پر واشنگٹن کے دباؤ کے آگے سر جھکا دیا۔جبکہ ہندوستان اور امریکہ کے درمیان تجارتی معاہدے کے فریم ورک کا اعلان کیا گیا تو واشنگٹن نے کہا کہ نئی دہلی روس سے تیل نہ خریدنے پر رضامند ہو گیا ہے۔
کھڑگے نے لکھا کہ مودی جی کے دوست مسٹر ٹرمپ نے آپریشن سندھور کے دوران سب سے پہلے جنگ بندی کا اعلان کیا، نہ کہ ہم نے۔ وہ بار بار دعویٰ کرتے رہے کہ انہوں نے جنگ روک دی۔ وزیر اعظم خاموش رہے۔ امریکہ نے کہا کہ ایران سے تیل نہ خریدا جائے تو حکومت نے مان لیا۔ مسٹر ٹرمپ نے روسی تیل نہ خریدنے کو کہا تو درآمدات کم کر دی گئیں۔ مسٹر ٹرمپ نے ہند۔امریکہ تجارتی معاہدے کا اعلان کیا جو روسی تیل نہ خریدنے کی شرط سے جڑا ہوا ہے اور مودی جی نے اس پر منظوری کی مہر لگا دی۔ اب امریکہ نے ہندوستان کو عارضی طور پر 30 دن کی چھوٹ دیتے ہوئے روسی تیل خریدنے کی اجازت دی ہے۔
کانگریس کے “سرینڈر” والے طنز کو دہراتے ہوئے کھڑگے نے کہا کہ ماضی کے وزرائے اعظم نے، چاہے وہ کسی بھی جماعت سے ہوں، بیرونی طاقتوں کے دباؤ کے آگے کبھی سر نہیں جھکایا
انہوں نے لکھا کہ تجارت سے لے کر تیل تک، ڈیٹا سے لے کر دوست ممالک کے ساتھ طویل مدتی تعلقات تک، مودی جی نے سب کچھ قربان کر دیا۔ ہندوستان کی اپنی تقدیر خود طے کرنے کی ایک قابل فخر روایت رہی ہے جو اب تک برقرار تھی۔ جواہر لعل نہرو، اندرا گاندھی اور یہاں تک کہ اٹل بہاری واجپئی جیسے وزرائے اعظم نے کبھی کسی ملک کے دباؤ کے آگے گھٹنے نہیں ٹیکے، لیکن مودی جی نے ہندوستان کو گویا ایک تابع ریاست بنا دیا ہے۔
اس سے قبل لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے بھی ہندوستان کی خارجہ پالیسی کو ایک “کمزور فرد کے استحصال” کا نتیجہ قرار دیا۔
وزیر اعظم مودی اور مرکزی حکومت پر طنز کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ نئی دہلی کی خارجہ پالیسی کو ملک کی تاریخ، جغرافیہ اور سچائی اور اہنسا پر مبنی روحانی اقدار پر قائم ہونا چاہیے۔
انہوں نے ایکس پر لکھا کہ ہندوستان کی خارجہ پالیسی عوام کی اجتماعی خواہش سے جنم لیتی ہے، لیکن آج جو کچھ دیکھا جا رہا ہے وہ پالیسی نہیں بلکہ ایک کمزور فرد کے استحصال کا نتیجہ ہے۔
کانگریس کے یہ بیانات امریکی خزانہ کے سیکریٹری اسکاٹ بیسنٹ کی ایکس پوسٹ کے بعد آئے، جس میں انہوں نے اعلان کیا کہ عالمی منڈی میں تیل کی روانی برقرار رکھنے کے لیے ہندوستان کو روسی تیل خریدنے کی 30 دن کی چھوٹ دی گئی ہے۔
واشنگٹن نے یہ بھی کہا کہ اس عارضی رعایت کے بعد توقع ہے کہ نئی دہلی امریکہ سے تیل کی خریداری میں اضافہ کرے گا۔ادھر توانائی کی سپلائی متاثر ہونے کے خدشات کے باعث ہندوستان کی سیرامک اور فرٹیلائزر صنعتوں پر بھی اثر پڑ سکتا ہے، کیونکہ یہ صنعتیں خلیجی تعاون کونسل کے ممالک سے درآمد ہونے والی مائع قدرتی گیس یعنی ایل این جی پر کافی حد تک انحصار کرتی ہیں۔
ہندوستان اپنی تقریباً 40 فیصد تیل کی درآمدات اسی خطے سے حاصل کرتا ہے، جن میں سے ایک بڑا حصہ اسٹریٹیجک اہمیت رکھنے والی آبنائے ہرمز کے ذریعے منتقل کیا جاتا ہے۔دریں اثنا مغربی ایشیا میں جاری تنازع ساتویں دن میں داخل ہو چکا ہے۔ امریکہ اور اسرائیل کے ایران پر حملوں کے بعد، جن میں 28 فروری کو ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای سمیت کئی اہم شخصیات ہلاک ہوئیں، تہران نے جوابی کارروائیاں کرتے ہوئے خطے میں امریکی فوجی اڈوں اور دیگر اسرائیلی اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔