نئی دہلی: راجیہ سبھا میں جمعرات کو ایپروپریشن (نمبر 3) بل، 2026 پر بحث کے دوران بیشتر اراکین نے اپنے اپنے ریاستوں کے زیر التوا ترقیاتی منصوبے جلد مکمل کرنے اور ریاستوں کے لیے مرکزی حکومت کی گرانٹ میں کسی بھی قسم کی کٹوتی نہ کرنے کا مطالبہ کیا۔ ایوانِ بالا کی کارروائی تین مرتبہ ملتوی ہونے کے بعد دوپہر 2 بج کر 45 منٹ پر دوبارہ شروع ہوئی، جس کے بعد وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے ایپروپریشن (نمبر 3) بل بحث اور لوک سبھا کو واپس بھیجنے کے لیے پیش کیا۔
اس بل کا مقصد ہندوستان کی متحدہ فنڈ سے ان اخراجات کی منظوری حاصل کرنا ہے، جو 31 مارچ 2023 کو ختم ہونے والے مالی سال کے دوران بعض خدمات پر منظور شدہ رقم سے زیادہ خرچ کیے گئے تھے۔ بحث میں حصہ لیتے ہوئے ترنمول کانگریس کے رکن بابُل سپریو نے کہا کہ وزیر خزانہ کی جانب سے اضافی گرانٹ کی منظوری مانگنا کوئی غیر آئینی اقدام نہیں ہے، اس لیے وہ اس کی مخالفت نہیں کر رہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ حکومت 2022-23 کے اخراجات کی منظوری لینے کے لیے 2026 میں پارلیمنٹ کیوں آئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کروڑوں روپے خرچ کرتی ہے، اس لیے 54 کروڑ روپے کوئی بہت بڑی رقم نہیں ہے۔
بابُل سپریو نے کہا کہ اضافی گرانٹ کی منظوری حکومت کی اجتماعی ذمہ داری ہے، اس لیے وزیر داخلہ کو بھی ایوان میں موجود ہونا چاہیے۔ اس پر وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے بابُل سپریو کے دعوؤں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد بل پر سنجیدہ بحث کرنا نہیں بلکہ غلط اعداد و شمار پیش کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف 54 کروڑ روپے کا ذکر کرنا درست نہیں، کیونکہ حکومت نے 196 کروڑ روپے اور ایک دوسری مد میں 53 کروڑ روپے کی بھی منظوری طلب کی ہے۔ وزیر خزانہ نے سوال کیا کہ موجودہ مالی سال میں وہ کتنی مرتبہ اضافی بجٹ کی منظوری لینے کے لیے پارلیمنٹ کے پاس آ چکی ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ حکومت لوک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کی سفارش پر یہ منظوری حاصل کرنے کے لیے پارلیمنٹ آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی خواہش ہوتی ہے کہ ارکان حقائق کی بنیاد پر گفتگو کریں تاکہ وہ مناسب جواب دے سکیں۔ راشٹروادی کانگریس پارٹی کے راجندر ہیرالال جین نے بل کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اس سے مالیاتی جوابدہی مزید مضبوط ہوگی۔
انہوں نے ضلعی مرکزی کوآپریٹو بینکوں کے ذریعے بنیادی زرعی قرض کمیٹیوں کی مدد کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔ بیجو جنتا دل کی رکن سلتا دیو نے الزام لگایا کہ ریاستوں کو دی جانے والی مرکزی گرانٹ میں کٹوتی کی جا رہی ہے، جس سے ترقیاتی کام متاثر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اوڈیشہ کو ملنے والی مرکزی گرانٹ میں نمایاں کمی آئی ہے۔ بی آر ایس کے روی چندر وڈّی راجو نے تلنگانہ کے زیر التوا منصوبے جلد مکمل کرنے کا مطالبہ کیا۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے گولابابو راؤ نے آندھرا پردیش کی تشکیل کے وقت کیے گئے وعدے پورے کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
عام آدمی پارٹی کے سنجے سنگھ نے کہا کہ تعلیم اور روزگار پر مزید رقم خرچ کی جانی چاہیے۔ آر جے ڈی کے منوج کمار جھا نے کہا کہ آن لائن پلیٹ فارمز کی وجہ سے چھوٹے دکاندار متاثر ہو رہے ہیں، اس لیے اس مسئلے کا مناسب حل نکالا جانا چاہیے۔ بحث میں اے آئی اے ڈی ایم کے کے ایم تھمبیدورائی، ٹی ڈی پی کے بھاشیم رام کرشنا، بی جے پی کے سکندر کمار، مہندر بھٹ، انیل سکھ دیوراؤ بونڈے، نیشنل کانفرنس کے چودھری محمد رمضان، یو پی پی (ایل) کے پرمود بورو، ڈی ایم ڈی کے کے ایل کے سدھیش اور نامزد رکن ستنام سنگھ سندھو نے بھی حصہ لیا۔