نئی دہلی
دہلی میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب گزشتہ تقریباً 14 برسوں میں مئی کی سب سے گرم رات ریکارڈ کی گئی، جبکہ شہر کے بعض علاقوں میں مسلسل چوتھے روز بھی شدید گرمی اور لو کی صورتحال برقرار رہی۔ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق، شہر کے مرکزی موسمیاتی مرکز صفدرجنگ میں کم از کم درجہ حرارت 31.9 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو معمول سے 5.2 ڈگری زیادہ اور گزشتہ روز کے مقابلے میں 3.6 ڈگری زیادہ تھا۔
اگرچہ شہر کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت 45 ڈگری سیلسیس سے بھی اوپر برقرار رہا۔آئی ایم ڈی نے بتایا کہ اس سے زیادہ کم از کم درجہ حرارت آخری بار 26 مئی 2012 کو ریکارڈ کیا گیا تھا، جب کم از کم درجہ حرارت 32.5 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا تھا۔
محکمہ موسمیات نے جمعہ کے لیے دہلی میں اورنج الرٹ جاری کیا ہے اور پیش گوئی کی ہے کہ کم از کم درجہ حرارت 32 ڈگری سیلسیس جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 44 ڈگری سیلسیس رہ سکتا ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ لو چلنے کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ایک سرکاری افسر نے کہا کہ آئندہ ایک ہفتے تک لو کی صورتحال برقرار رہنے کا خدشہ ہے، اور انہوں نے شہریوں سے احتیاط برتنے اور ضروری حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔