نئی دہلی:دہلی کے علی پور علاقے میں ایک دردناک سڑک حادثے میں 2 سالہ بچی کی موت ہو گئی جبکہ 2 دیگر افراد زخمی ہو گئے۔پولیس نے اس واقعے کے سلسلے میں ایف آئی آر درج کر لی ہے اور تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
یہ حادثہ اتوار کو دوپہر تقریباً 2 بجے جی ٹی کے روڈ پر کھمپور ٹریفک سگنل کے قریب پیش آیا جو علی پور تھانہ کے دائرہ اختیار میں آتا ہے۔پولیس کے مطابق ایک تیز رفتار اور لاپرواہی سے چلائی جا رہی ایس یو وی نے پیچھے سے ایک کار کو زور دار ٹکر ماری۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ کار گھوم گئی اور بے قابو ہو کر سڑک کے ڈیوائیڈر سے جا ٹکرائی۔
حادثے کے نتیجے میں کار میں سوار 2 سالہ بچی کھڑکی سے باہر جا گری اور اس کے سر پر شدید چوٹ آئی۔ اسے فوراً نریلا کے اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
کار میں موجود دیگر دو افراد رویندر اور آرتی بھی زخمی ہوئے ہیں اور ان کا علاج جاری ہے۔حادثے کے بعد ایس یو وی کا ڈرائیور گاڑی موقع پر چھوڑ کر فرار ہو گیا۔پولیس نے موقع پر پہنچ کر دونوں گاڑیوں کو قبضے میں لے لیا اور معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔
اس سے قبل 5 اپریل کو دہلی کے آدرش نگر علاقے میں بھی ایک سڑک حادثے میں 19 سالہ نوجوان کی موت ہو گئی تھی۔ پولیس کے مطابق آزاد پور علاقے سے شام تقریباً 5:30 بجے پی سی آر کال موصول ہوئی تھی، جس کے بعد پولیس ٹیم موقع پر پہنچی جہاں معلوم ہوا کہ آکاش نامی نوجوان کو ڈی ٹی سی بس نے ٹکر ماری جس سے اس کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔
پولیس کے مطابق بس ڈرائیور حادثے کے بعد موقع سے فرار ہو گیا تھا اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گاڑی کی شناخت کی جا رہی ہے۔