دہلی:خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہے جمنا

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 06-09-2025
دہلی:خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہے جمنا
دہلی:خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہے جمنا

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
ہفتہ کی صبح بھی جمنا ندی خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہے۔ لگاتار بارش کے بعد ندی 205.33 میٹر کے خطرے کی حد سے اوپر بہہ رہی ہے۔ شہر کے لیے جمنا کا وارننگ نشان 204.5 میٹر ہے، جبکہ خطرے کا نشان 205.33 میٹر ہے۔ 206 میٹر پر پہنچنے کے بعد لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا عمل شروع کیا جاتا ہے۔
اس سے پہلے جمعہ کو دہلی کے وزیر پرویش ورما نے دہلی کے سول لائنز علاقے کا معائنہ کیا اور کہا کہ پورے علاقے میں ایک بوند پانی بھی موجود نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ دکھانا درست نہیں ہے کہ پوری قومی دارالحکومت جمنا میں ڈوب گئی ہے۔
ورما نے کہا کہ گزشتہ چند دنوں میں قومی دارالحکومت میں ہونے والی موسلا دھار بارش کے درمیان شہریوں میں بلا وجہ خوف و ہراس پیدا کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سول لائنز علاقے میں پانی کی ایک بوند بھی نہیں ہے۔ رنگ روڈ سے ملحقہ سروس روڈ 8 سے 10 فٹ نیچے ہے اور بارش کا پانی وہاں سے نکالا جا رہا ہے۔ یہ کہنا درست نہیں ہے کہ دہلی جمنا ندی میں ڈوب گئی ہے۔
وزیر نے مزید کہا کہ وہ دہلی کے نگم بودھ گھاٹ بھی جائیں گے تاکہ وہاں کی صورتحال کا جائزہ لے سکیں۔ اس سے پہلے جمعہ کی صبح لوہا پل سے ڈرون فوٹیج میں دکھایا گیا کہ جمنا ندی لگاتار بارش کے باعث خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہے۔
دہلی کی موناسٹری مارکیٹ، جمنا بازار، واسودیو گھاٹ اور قریبی رہائشی علاقے ندی کے پانی کی سطح بلند ہونے سے زیرِ آب آگئے۔ واسودیو گھاٹ کے آس پاس پانی نکالنے کے لیے مشینیں نصب کی گئیں۔
ممکنہ سیلاب کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے نشیبی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو مایور وہار فیز-1 کے قریب قائم ریلیف کیمپوں میں منتقل کر دیا گیا۔
بھاری بارش کے سبب بدھ کے روز جمنا کا پانی بلند ترین سطح 208.66 میٹر پر ریکارڈ کیا گیا۔