کرسمس: دہلی ٹریفک پولیس نے ایڈوائزری جاری کی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 24-12-2025
کرسمس: دہلی ٹریفک پولیس نے ایڈوائزری جاری کی
کرسمس: دہلی ٹریفک پولیس نے ایڈوائزری جاری کی

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
دہلی ٹریفک پولیس نے 24 اور 25 دسمبر کو منائے جانے والے کرسمس کے جشن کے پیشِ نظر بدھ کے روز ایک ایڈوائزری جاری کی ہے، جس میں جنوبی دہلی کے بعض علاقوں، خاص طور پر ساکیت علاقے میں ٹریفک میں تبدیلیوں اور پابندیوں کے بارے میں عوام کو آگاہ کیا گیا ہے۔
ایڈوائزری کے مطابق، ممکنہ بھیڑ کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹریفک کی روانی اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ساکیت میں سلیکٹ سٹی مال، ڈی ایل ایف ایونیو مال اور ایم جی ایف میٹروپولیٹن کورٹ مال کے اطراف ٹریفک میں تبدیلی کی جائے گی۔ یہ خصوصی ٹریفک انتظامات دونوں دن دوپہر 2 بجے سے نافذ ہوں گے۔ پولیس نے بتایا کہ ان پابندیوں کے باعث پریس انکلیو روڈ اور ساکیت و پشپ وہار کی کئی اندرونی سڑکیں متاثر ہوں گی۔ بھیڑ کو قابو میں رکھنے کے لیے لال بہادر شاستری مارگ پر شیخ سرائے لال بتی، مہراولی-بدرپور (ایم بی) روڈ پر ایشین مارکیٹ لال بتی اور شری عربندو مارگ پر پی ٹی ایس مالویہ نگر لال بتی سمیت اہم چوراہوں پر ٹریفک میں تبدیلی کی جائے گی۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ ٹریفک میں کی گئی تبدیلیوں کے تحت شیخ سرائے سے ہاؤز رانی تک ڈیوائیڈر پر بنے تمام یو ٹرن پابندی کے دوران بند رہیں گے۔ پریس انکلیو روڈ کی دونوں لینوں پر بھاری گاڑیوں اور ڈی ٹی سی/کلسٹر بسوں کے داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس کے علاوہ، ڈی ٹی سی اور کلسٹر بسوں کو ایم بی روڈ سے ایشین مارکیٹ لال بتی کے راستے پشپ وہار کی جانب جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ٹریفک پولیس نے مسافروں کو تکلیف سے بچنے کے لیے متبادل راستوں کا بھی مشورہ دیا ہے۔ چِراغ دہلی سے قطب مینار کی طرف جانے والے مسافروں کو خانپور ترہا، ایم بی روڈ اور لاڈو سرائے ترہا کے راستے جانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
اسی طرح، آئی آئی ٹی فلائی اوور سے سنگم وہار یا سَینک فارم کی جانب جانے والوں کو ٹی بی اسپتال لال بتی، لاڈو سرائے لال بتی، ایم بی روڈ، چِراغ دہلی اور خانپور لال بتی کے راستے استعمال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔