فروری میں دہلی کی گرمی نے توڑا ریکارڈ

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 17-02-2026
فروری میں دہلی کی گرمی نے توڑا ریکارڈ
فروری میں دہلی کی گرمی نے توڑا ریکارڈ

 



نئی دہلی
جنوری کی شدید سردی کے بعد دہلی این سی آر میں فروری کے ابتدائی دنوں میں دو بار بارش کی وجہ سے ٹھنڈک کا احساس برقرار رہا، لیکن گزشتہ ایک ہفتے سے موسم نے اچانک کروٹ لے لی ہے۔ سردی کے بعد بہار کے موسم کا انتظار تھا، مگر 16 فروری کو دہلی میں درجۂ حرارت 31 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا۔ جو گرمی عام طور پر مارچ میں محسوس ہوتی ہے، وہ ابھی سے محسوس ہونے لگی ہے۔ فروری میں کم سے کم درجۂ حرارت معمول سے تقریباً 4 ڈگری زیادہ ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت بھی معمول سے 2 ڈگری تک بلند ہے۔ بہار کا باقاعدہ آغاز ہی نہیں ہو سکا، کیونکہ حالیہ دنوں میں کم سے کم درجۂ حرارت 1 سے 4 ڈگری اور زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 2 ڈگری یا اس سے زیادہ بڑھ گیا ہے۔
دہلی میں سب سے زیادہ گرمی
۔16 فروری کو دہلی میں درجۂ حرارت 31 ڈگری سیلسیس سے تجاوز کر گیا، جو اس سال کا اب تک کا سب سے گرم دن رہا۔ اتر پردیش، پنجاب اور ہریانہ جیسے شمالی ہندوستان کے دیگر شہروں میں بھی پارہ تیزی سے اوپر چڑھنے لگا ہے۔ شمالی ہندوستان میں دہلی کا صفدرجنگ علاقہ سب سے زیادہ گرم رہا۔
دہلی میں اتنی گرمی کیوں پڑ رہی ہے؟
محکمۂ موسمیات کے مطابق فروری میں مغربی ہواؤں کے نظام (ویسٹرن ڈسٹربنس) کی تعداد کم رہی ہے۔ جو مغربی نظام ہمالیائی خطے میں فعال بھی ہوئے، وہ انتہائی کمزور تھے۔ اس وجہ سے اتراکھنڈ، جموں و کشمیر اور ہماچل پردیش سے آنے والی ٹھنڈی ہوائیں، جو میدانی علاقوں میں سردی لاتی تھیں، اس بار مؤثر نہیں رہیں۔ نتیجتاً دہلی این سی آر میں گرم ہوا کا ٹھہراؤ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ فروری کے پہلے 15 دنوں میں ملک کے 27 بڑے شہروں میں درجۂ حرارت معمول سے زیادہ رہا ہے۔ محکمۂ موسمیات کا اندازہ ہے کہ 18 فروری کو دہلی میں ہونے والی بارش بھی موسم پر زیادہ اثر نہیں ڈالے گی۔
کیا 2026 میں گرمی ریکارڈ توڑے گی؟
ماہرینِ موسمیات کے مطابق فروری میں ہی اس قدر گرمی کا ہونا تشویشناک اشارہ ہے اور اس سال درجۂ حرارت نئے ریکارڈ قائم کر سکتا ہے۔ 18 فروری کو دہلی این سی آر میں ہلکی بارش کے باوجود، فروری کے باقی دنوں میں کم سے کم اور زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت معمول سے 2 سے 4 ڈگری زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ اگر یہی صورتحال رہی تو مارچ کی گرمی اپریل اور مئی جیسی شدت اختیار کر سکتی ہے۔ اگر سمندروں میں ایل نینو کے موافق حالات بنے تو 2026 گزشتہ سال کے مقابلے میں گرمی کا نیا ریکارڈ قائم کر سکتا ہے۔
ماحولیاتی تبدیلی کا خطرہ
ماحولیاتی تبدیلی کے آثار سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ گزشتہ ایک دہائی میں ہندوستان میں درجۂ حرارت میں اضافے کی رفتار تیز ہوئی ہے۔ اگر موسم کے آغاز میں ہی زیادہ گرمی پڑے تو گرمی زیادہ شدید، زیادہ دنوں تک برقرار رہتی ہے اور لو کے تھپیڑے بھی طویل عرصے تک لوگوں کو متاثر کرتے ہیں۔
دہلی میں 17 فروری کو صفدرجنگ میں درجۂ حرارت 31.6 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا۔ 18 فروری کو ہلکی بارش کے دوران درجۂ حرارت 26 سے 28 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے، لیکن اس کے بعد دوبارہ درجۂ حرارت 30 ڈگری تک پہنچ سکتا ہے۔ کم سے کم درجۂ حرارت بھی 12 سے 14 ڈگری کے درمیان رہنے کا اندازہ ہے۔