دہلی کی فضائی کیفیت ‘انتہائی خراب’، سانس لینا دشوار ہوگیا

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 08-11-2025
دہلی کی فضائی کیفیت ‘انتہائی خراب’، سانس لینا دشوار ہوگیا
دہلی کی فضائی کیفیت ‘انتہائی خراب’، سانس لینا دشوار ہوگیا

 



 نئی دہلی: قومی دارالحکومت میں فضائی آلودگی کی سطح ہفتہ کی صبح بھی ‘انتہائی خراب’ زمرے میں برقرار رہی۔ مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (CPCB) کے مطابق صبح 8 بجے تک دہلی کا مجموعی فضائی معیار اشاریہ (AQI) 355 ریکارڈ کیا گیا۔

انڈیا گیٹ پر AQI 322، پالم علاقے میں 320 اور دھولا کوان میں 269 رہا۔ مقامی رہائشی کرن شرما نے بتایا کہ بڑھتی آلودگی نے سانس لینا مشکل بنا دیا ہے اور حکومت سے فوری اقدام کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے کہا، “فضا میں بہت زیادہ آلودگی ہے۔ ہمیں سانس لینے میں دقت ہو رہی ہے۔ متعلقہ محکمے کوئی کارروائی نہیں کر رہے۔ حکومت کو اس مسئلے پر فوری توجہ دینی چاہیے۔”

جمعہ کو بھی دہلی کی فضا ‘انتہائی خراب’ درجے میں رہی، جب شہر کا اوسط AQI 312 تھا، جبکہ جمعرات کو یہ 271 رہا جو ‘خراب’ زمرے میں آتا ہے۔

شہر کے مختلف علاقوں میں فضائی معیار خطرناک حد تک خراب رہا۔ آنند وہار کا AQI 332، علی پور 316، اشوک وہار 332، باوانا 366، بُراری کراسنگ 345، چاندنی چوک 354، دوارکا سیکٹر-8 میں 310، آئی ٹی او 337، جہانگیرپوری 342، منڈکا اور نریلا 335، اوکھلا فیز 2 میں 307، پتپڑ گنج 314، پنجابی باغ 343، آر کے پورم 321، روہنی 336 اور سونیا وہار میں 326 ریکارڈ کیا گیا۔ یہ تمام علاقے ‘انتہائی خراب’ زمرے میں آتے ہیں۔

دیوالی کے بعد سے دہلی اور نیشنل کیپیٹل ریجن (NCR) میں فضائی معیار زیادہ تر ‘خراب’ یا ‘انتہائی خراب’ سطح پر ہے۔ اسی دوران گریڈڈ ریسپانس ایکشن پلان (GRAP) کا دوسرا مرحلہ نافذ ہے۔

نئی دہلی میونسپل کونسل (NDMC) نے آلودگی میں اضافے کے باعث دارالحکومت بھر میں پارکنگ فیس دوگنی کرنے کا اعلان کیا ہے۔

خیال رہے کہ 0 سے 50 تک AQI ‘اچھا’، 51 سے 100 ‘قابلِ قبول’، 101 سے 200 ‘درمیانہ’، 201 سے 300 ‘خراب’، 301 سے 400 ‘انتہائی خراب’ اور 401 سے 500 ‘انتہائی خطرناک’ سمجھا جاتا ہے۔