دہلی-این سی آر کی ہوا ہوئی زہریلی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 15-12-2025
دہلی-این سی آر کی ہوا ہوئی زہریلی
دہلی-این سی آر کی ہوا ہوئی زہریلی

 



نئی دہلی/آواز دی وائس
پیر کے روز دہلی کے رہائشیوں نے شہر میں فضائی آلودگی کے بگڑتے حالات اور دھوئیں کی موٹی تہہ (اسموگ) پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کے مطابق صبح 8 بجے دہلی کا ایئر کوالٹی انڈیکس (ای کیو آئی ) 452 ریکارڈ کیا گیا، جو ’شدید‘ زمرے میں آتا ہے۔
شہر کے باشندوں نے سانس لینے میں دشواری کی شکایت کرتے ہوئے سب سے اپیل کی کہ وہ خراب ہوتی فضائی صورتحال کی اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔ ایک مقامی رہائشی نے اے این آئی سے بات کرتے ہوئے کہا، “دہلی کی حالت بہت خراب ہے… ہمیں سانس لینے میں دقت ہو رہی ہے… بزرگ شدید پریشان ہیں… وہ بیمار محسوس کر رہے ہیں… تعمیراتی کام بند نہیں ہوا ہے… زمین پر کام جاری ہے… لوگ پریشان ہیں… کوئی پوچھنے والا نہیں… میں سب سے گزارش کرتا ہوں کہ اس معاملے پر شکایت درج کریں اور دہلی کی حالت کے بارے میں بتائیں۔۔۔
اس کے علاوہ، رہائشیوں نے کم ہوتی ہوئی حدِ نگاہ (ویژیبلیٹی) کی اطلاع دی اور شہر میں پھیلی گھنی اسموگ کے باعث حادثات کے خدشات کا اظہار کیا۔ مقامی شہری ہرمندر نے کہا کہ گھنے کہرے کی وجہ سے کسی بھی وقت حادثہ پیش آنے کا شدید خطرہ ہے۔ انہوں نے بتایا، “سانس لینا مشکل ہو رہا ہے… ہم انڈیا گیٹ آئے تھے… کہرے کی وجہ سے بہت خطرہ تھا کیونکہ کسی بھی وقت حادثہ ہو سکتا ہے۔
سائیکل سوار ایشان شوم نے بھی اسی طرح کے خدشات ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ دھند کے باعث شہر میں حدِ نگاہ بہت کم ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا، “آج دہلی میں ویژیبلیٹی بہت کم ہے… ہمیں گاڑیاں نظر نہیں آ رہیں… صرف اسٹریٹ لائٹس دکھائی دے رہی ہیں… ہم کچھ بھی واضح طور پر نہیں دیکھ پا رہے ہیں۔
ادھر دہلی میں خطرناک فضائی حالات برقرار رہے۔ آنند وہار میں اے کیو آئی 493 ریکارڈ کیا گیا، جو ’شدید‘ زمرے میں ہے۔ کرتویہ پاتھ، اکشردھام، ایمس اور یشودھومی کے اطراف بھی گھنی اسموگ چھائی رہی۔ شہر کے دیگر علاقوں میں بھی صورتحال یکساں طور پر خراب رہی، جن میں آیا نگر (406)، چاندنی چوک (437)، آر کے پورم (477) اور دوارکا سیکٹر 8 (462) شامل ہیں—یہ سب ’شدید‘ زمرے میں آتے ہیں۔ وزیر پور میں سب سے زیادہ اے کیو آئی 500 ریکارڈ ہوا، جو انتہائی خراب فضائی معیار کی عکاسی کرتا ہے۔
سی پی سی بی کے مطابق اے کیو آئی کی درجہ بندی اس طرح ہے: 0–50 ’اچھا‘، 51–100 ’اطمینان بخش‘، 101–200 ’درمیانہ‘، 201–300 ’خراب‘، 301–400 ’بہت خراب‘ اور 401–500 ’شدید‘۔ موجودہ اعداد و شمار اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ رہائشیوں کو صحت کے سنگین خطرات لاحق ہیں، لہٰذا انہیں بیرونی سرگرمیوں کو محدود رکھنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
فضائی آلودگی کی یہ خراب صورتحال اتوار سے جاری ہے، جب شام تقریباً 4 بجے دہلی کا اے کیو آئی 461 ریکارڈ کیا گیا تھا، جو دارالحکومت میں خطرناک فضائی حالات کے طویل عرصے تک برقرار رہنے کی علامت ہے۔