دہلی کی ہوا کا معیار بدستور 'انتہائی خراب' زمرے میں

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 30-10-2025
دہلی کی ہوا کا معیار بدستور 'انتہائی خراب' زمرے میں ہے۔
دہلی کی ہوا کا معیار بدستور 'انتہائی خراب' زمرے میں ہے۔

 



 نئی دہلی ۔ نئی دہلی ۔ 30 اکتوبر (اے این آئی)۔ جمعرات کی صبح دارالحکومت دہلی دھند اور آلودگی کی دبیز تہہ میں لپٹی جاگی۔ صبح 8 بجے تک فضائی معیار کی درجہ بندی ’انتہائی ناقص‘ (Very Poor) زمرے میں ریکارڈ کی گئی اور ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 352 درج ہوا۔

مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (CPCB) کے مطابق صبح 8 بجے تک آنند وہار میں AQI 408 اور ویویک وہار میں 415 رہا جو ’شدید‘ (Severe) زمرے میں آتا ہے۔ شہر کے کئی دیگر مانیٹرنگ مراکز پر بھی فضائی معیار ’انتہائی ناقص‘ ریکارڈ کیا گیا۔

صبح 8 بجے تک مختلف علاقوں کی صورتحال اس طرح رہی: اشوک وہار 388، آیا نگر 331، باوانا 387، براری کراسنگ 369، دوارکا سیکٹر 8 میں 371، آئی جی آئی ایئرپورٹ ٹی 3 پر 320، آئی ٹی او 370، لودھی روڈ 334، موندکا 364، نجف گڑھ 338، نریلا 371، پنجابی باغ 368، پٹپرگنج 386، آر کے پورم 374 اور سری فورت 381۔ یہ تمام مقامات ’انتہائی ناقص‘ زمرے میں شامل ہیں۔

فضا میں زہریلے ذرات کی مقدار کم کرنے کے لیے شہر کے مختلف علاقوں میں ٹرکوں پر نصب واٹر اسپرنکلر تعینات کیے گئے ہیں۔

دیوالی کے بعد دہلی اور نیشنل کیپیٹل ریجن (این سی آر) کے بیشتر علاقوں میں فضائی معیار ’خراب‘ اور ’انتہائی خراب‘ زمرے میں پہنچ گیا ہے۔ دریں اثنا، گریڈڈ ریسپانس ایکشن پلان (GRAP) کے دوسرے مرحلے پر عمل جاری ہے۔

بدھ کے روز نئی دہلی میونسپل کونسل (NDMC) نے اعلان کیا کہ ہوا کے بگڑتے معیار کے پیش نظر دہلی میں پارکنگ فیس دوگنی کر دی جائے گی۔ یہ اقدام نجی گاڑیوں کے استعمال کو محدود کرنے کے مقصد سے کیا گیا ہے۔ اب این ڈی ایم سی کے زیر انتظام تمام آؤٹ ڈور اور انڈور پارکنگ مقامات پر فیس دگنی وصول کی جائے گی۔

مزید برآں، کمیشن فار ایئر کوالٹی مینجمنٹ (CAQM) نے اعلان کیا ہے کہ یکم نومبر سے دہلی میں غیر بی ایس۔6 (Non-BS-VI) کمرشل گاڑیوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی جائے گی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ایسی گاڑیاں صرف 31 اکتوبر 2026 تک دہلی میں داخل ہو سکیں گی۔

دہلی حکومت نے فضائی آلودگی کے خلاف اپنی حکمتِ عملی کے تحت لگاتار دو روز بادلوں سے بارش برسانے (Cloud Seeding) کے تجربات بھی مکمل کیے۔

وزیر ماحولیات منجندر سنگھ سرسا نے کہا کہ دہلی نے آلودگی پر قابو پانے کے لیے پہلی مرتبہ سائنسی بنیادوں پر ایک بڑا قدم اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد یہ دیکھنا ہے کہ دہلی کے حقیقی موسمی حالات میں کتنی بارش کو متحرک کیا جا سکتا ہے۔ ہر تجربہ سائنس کی رہنمائی میں کیا جا رہا ہے تاکہ نہ صرف موسمِ سرما بلکہ سال بھر کے لیے مؤثر نتائج حاصل کیے جا سکیں۔