نئی دہلی: نئی دہلی کی کڑکڑڈوما عدالت نے فروری 2020 میں شمال مشرقی دہلی کے فسادات کے دوران ہنگامہ آرائی، آگ زنی اور سرکاری احکامات کی خلاف ورزی کے معاملے میں چھ افراد کو چھ ماہ سے تین سال تک قید کی سزا سنائی ہے۔ ہر مجرم پر 61 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔ یہ مقدمہ فروری 2020 میں شمال مشرقی دہلی کے فسادات کے دوران تھانہ کھجوری خاص میں درج ایک ایف آئی آر سے متعلق ہے۔
الزام کے مطابق، سادات پور علاقے میں واقع وکیل احمد کی دکان سے سامان نکال کر بلوائیوں نے جلا دیا تھا۔ ایڈیشنل سیشن جج (اے ایس جے) پروین سنگھ نے ہری اوم گپتا، گورکھ ناتھ، بھیم سین، کپل پانڈے، روہت گوتم اور بسنّت کمار کو بھارتی تعزیری قانون (IPC) کی دفعات 188، 147، 148، 435 اور 450 کے تحت مجرم قرار دیتے ہوئے سزا سنائی۔
جج پروین سنگھ نے کہا، ’’یہ حقیقت کہ تمام مجرموں کا 2020 کے فسادات سے قبل کوئی مجرمانہ ریکارڈ نہیں تھا اور فسادات کے بعد بھی ان کا کسی مجرمانہ سرگرمی میں ملوث ہونا ثابت نہیں ہوا، اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ ان کی اصلاح ممکن ہے۔ لہٰذا میری رائے میں یہ ایسا معاملہ نہیں ہے جس میں ریاست کی جانب سے مانگی گئی زیادہ سے زیادہ سزا دی جائے۔‘‘ سزا سناتے وقت عدالت نے نرمی کی درخواست مسترد کر دی۔
عدالت نے کہا کہ ایسے جرائم میں یہ ضروری ہے کہ سزا اتنی نرم نہ ہو کہ اس کا خوف (deterrent effect) ختم ہو جائے۔ جج پروین سنگھ نے 31 اکتوبر کے فیصلے میں کہا، ’’لہٰذا میں یہ نہیں مانتا کہ صرف جرمانہ عائد کرنا ہی ان مجرموں کے لیے کافی سزا ہوگی، جیسا کہ ان کی جانب سے درخواست دی گئی تھی۔‘‘ 11 ستمبر کو عدالت نے انہی چھ افراد کو شمال مشرقی دہلی کے فسادات کے دوران صادات پور علاقے میں ایک دکان سے نکالے گئے سامان کو جلا کر تباہ کرنے اور ہنگامہ آرائی کا مرتکب قرار دیا تھا۔
یہ مقدمہ دکان کے مالک محمد وکیل احمد کی شکایت پر تھانہ کھجوری خاص میں درج کیا گیا تھا۔ عدالت نے گورکھ ناتھ، بھیم سین، ہری اوم گپتا، کپل پانڈے، روہت گوتم اور بسنّت کمار کو عینی شاہد ہیڈ کانسٹیبل سندیپ کی گواہی اور دیگر شواہد کی بنیاد پر مجرم قرار دیا۔ شکایت کنندہ محمد وکیل احمد نے بتایا کہ انہیں تقریباً ڈیڑھ لاکھ روپے کا نقصان ہوا۔ عدالت نے کہا کہ یہ عمل تعزیری قانون کی دفعہ 435 کے دائرے میں آتا ہے۔
البتہ عدالت نے کہا، ’’ایسا کوئی ثبوت موجود نہیں ہے کہ یہ عمل عمارت کو تباہ کرنے کے ارادے سے کیا گیا تھا، جس میں شکایت کنندہ کی دکان واقع تھی۔ لہٰذا میں یہ سمجھتا ہوں کہ ملزمان کو دفعہ 436 بمعہ 149 کے تحت سزا دینے کے لیے کافی ثبوت موجود نہیں ہیں۔‘‘ 25 فروری 2020 کو فسادیوں نے دکان کا تمام سامان جلا دیا، جس سے تقریباً ڈیڑھ لاکھ روپے کا نقصان ہوا۔
اس شکایت پر مقدمہ درج کیا گیا اور تفتیش عمل میں آئی۔ استغاثہ کے گواہ سنجیتا اور ہیڈ کانسٹیبل سندیپ نے ویڈیو دیکھنے کے بعد ان چھ افراد کو وکیل احمد کی دکان میں توڑ پھوڑ اور آگ زنی میں ملوث ہونے کے طور پر شناخت کیا۔