نئی دہلی 21 اکتوبر۔ دیوالی کے بعد فضائی آلودگی میں اضافے کے باعث دہلی کے رہائشیوں نے سانس لینے میں دشواری اور آنکھوں میں جلن کی شکایت کی ہے۔اے این آئی سے گفتگو میں دہلی کے رہائشی ساگر نے کہا کہ آلودگی صرف آج نہیں بڑھی بلکہ کئی برسوں سے بڑھ رہی ہے۔ سب لوگ سیاست دانوں کو الزام دیتے ہیں لیکن اصل میں لوگ خود ذمہ دار ہیں۔ لوگ خود کو بہتر نہیں کر رہے۔ پٹاخے خریدنا آسان ہے مگر انہیں جلانا یا نہ جلانا آپ کے اپنے اختیار میں ہے۔ پھر یہی لوگ شکایت کرتے ہیں کہ حکومت کچھ نہیں کر رہی۔ سانس لینے میں دقت ہو رہی ہے اور آنکھوں میں جلن ہے۔
کارتیہ پتھ پر دوڑنے کے لیے آئے مقامی رہائشی آشیش رنجن نے بھی کہا کہ دوڑنے کے دوران سانس لینے میں مشکل پیش آ رہی ہے۔ میں صحیح سے سانس نہیں لے پا رہا۔ایک اور شہری نے کہا کہ یہ سب کی ذمہ داری ہے۔ اگر ہر فرد اپنی ذمہ داری نبھائے تو فضائی معیار کو قابو میں رکھا جا سکتا ہے۔ صرف حکومت یا ایجنسیوں کے سوچنے سے کچھ نہیں ہوگا۔ بطورِ معاشرہ ہمیں خود ذمہ داری لینی ہوگی۔ حکومت نے صاف ہدایت دی تھی کہ صرف گرین پٹاخے استعمال کیے جائیں۔ اگر ہم ان اصولوں پر عمل کریں تو یہ سماج کے لیے بڑی خدمت ہوگی۔
ایک مقامی باشندے سورندر گپتا نے کہا کہ پچھلے سال آلودگی کم تھی۔ کل جب میں صبح کی سیر پر نکلا تو سانس لینے میں دشواری تھی لیکن آج یہ مسئلہ بڑھ گیا ہے۔دیوالی کے اگلے دن قومی دارالحکومت دہلی نے گھنے دھوئیں اور دھند کی چادر میں آنکھ کھولی۔ منگل کی صبح فضائی معیار ’انتہائی خراب‘ درجے تک گر گیا اور زیادہ تر مانیٹرنگ مراکز ’ریڈ زون‘ میں پہنچ گئے۔مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ کے مطابق صبح 10 بجے دہلی کا مجموعی فضائی معیار انڈیکس 359 رہا۔ باوانا میں 432، جہاںگیرپوری میں 405، اشوک وہار میں 408 اور وزیرپور میں 408 اے کیو آئی ریکارڈ کیا گیا جو سب سے زیادہ متاثرہ علاقے ہیں اور ’شدید‘ آلودگی کے زمرے میں آتے ہیں۔
انتہائی خراب فضائی معیار کے دوران لوگوں کو سانس لینے میں دشواری ہو سکتی ہے اور طویل عرصے تک اس فضا میں رہنے سے سانس کی بیماری لاحق ہو سکتی ہے۔ شدید آلودگی صحت مند افراد کو بھی متاثر کرتی ہے اور بیمار افراد کے لیے یہ اور خطرناک ثابت ہوتی ہے۔مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ کے مطابق اے کیو آئی اگر 0 سے 50 تک ہو تو اچھا سمجھا جاتا ہے۔ 51 سے 100 تک قابلِ اطمینان، 101 سے 200 درمیانہ، 201 سے 300 خراب، 301 سے 400 انتہائی خراب اور 401 سے 500 شدید آلودہ تصور کیا جاتا ہے۔
دیوالی سے قبل سپریم کورٹ نے آتش بازی پر اپنی مکمل پابندی میں نرمی کی تھی اور کچھ شرائط کے ساتھ گرین پٹاخوں کی فروخت اور استعمال کی اجازت دی تھی۔ہوا کے معیار سے متعلق کمیشن نے اتوار کو قومی دارالحکومت کے خطے میں گریڈڈ ریسپانس ایکشن پلان کے دوسرے مرحلے کو فوری طور پر نافذ کر دیا تھا۔