دہلی : 14 سالوں میں مئی کی گرم ترین رات ریکارڈ

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 25-05-2026
دہلی : 14 سالوں میں مئی کی گرم ترین رات ریکارڈ
دہلی : 14 سالوں میں مئی کی گرم ترین رات ریکارڈ

 



نئی دہلی
دہلی میں پیر کے روز کم از کم درجۂ حرارت 32.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو معمول سے 5.7 ڈگری زیادہ ہے۔ اس کے ساتھ ہی تقریباً 14 برس بعد مئی کے مہینے کی سب سے گرم رات درج کی گئی۔ہندوستانی محکمۂ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق مئی کے مہینے میں اس سے قبل آخری بار 26 مئی 2012 کو کم از کم درجۂ حرارت اس سے زیادہ، یعنی 32.5 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا تھا۔
آئی ایم ڈی کے اعداد و شمار کے مطابق، دہلی میں رواں سال مئی کے آغاز میں بھی اسی طرح کی صورتحال دیکھی گئی تھی، جب 21 مئی کو کم از کم درجۂ حرارت 31.9 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا تھا۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق پالَم میں کم از کم درجۂ حرارت 30.5 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو معمول سے 3.4 ڈگری زیادہ ہے۔ لودھی روڈ میں کم از کم درجۂ حرارت 30 ڈگری سیلسیس رہا، جو معمول سے 5 ڈگری زیادہ تھا۔
اسی طرح رج علاقے میں کم از کم درجۂ حرارت 30.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو معمول سے 4.4 ڈگری زیادہ ہے، جبکہ آیانگر میں یہ 32 ڈگری سیلسیس رہا، جو معمول سے 5.3 ڈگری زیادہ ہے۔آئی ایم ڈی کے ایک افسر نے کہا کہ صفدر جنگ، لودھی روڈ اور آیانگر میں گرم رات (وارم نائٹ) کی صورتحال ریکارڈ کی گئی ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق ’’گرم رات‘‘ اس وقت قرار دی جاتی ہے جب زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 40 ڈگری سیلسیس یا اس سے زیادہ ہو اور کم از کم درجۂ حرارت معمول سے 4.5 سے 6.4 ڈگری سیلسیس زیادہ ہو۔
آئی ایم ڈی نے پیر کے روز شدید گرمی اور لو چلنے کے خدشے کے پیشِ نظر ’’ییلو الرٹ‘‘ جاری کیا ہے۔ محکمہ کے مطابق زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 44 ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہنے کا امکان ہے۔