نئی دہلی/ آواز دی وائس
لال قلعے کے قریب ہونے والے کار دھماکے کی جگہ پر تفصیلی تفتیش جاری ہے، جہاں جمعرات کے روز دہلی پولیس اور دیگر مرکزی ایجنسیوں کے اہلکار مشترکہ طور پر تحقیقات کر رہے ہیں۔ پولیس نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے، جبکہ فرانزک ٹیمیں گاڑی کے ملبے کا معائنہ کر رہی ہیں تاکہ دھماکے کی نوعیت اور وجہ کا تعین کیا جا سکے۔
فرانزک سائنس لیبارٹری اور دہلی پولیس کی مشترکہ ٹیم نے جمعرات کو قومی دارالحکومت کے نیو لچھپت رائے مارکیٹ علاقے میں، جو دھماکے کی جگہ کے قریب ہے، انسانی جسم کا ایک حصہ برآمد کیا، جہاں اس دھماکے میں 12 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ برآمد شدہ جسمانی حصہ فرانزک معائنے کے لیے بھیجا گیا ہے تاکہ جاری تفتیش میں مدد مل سکے۔
لال قلعے کے قریب ہونے والے اس ہلاکت خیز دھماکے کی تحقیقات کے دوران، جس میں کم از کم 12 افراد کی جان گئی، دہلی پولیس اور دیگر سیکیورٹی ایجنسیوں نے اب تک کم از کم چار ڈاکٹروں کی نشاندہی کی ہے جو مبینہ طور پر ملک بھر میں متعدد دھماکوں کی منصوبہ بندی کرنے والے دہشت گرد نیٹ ورک کا حصہ تھے۔
اب تک کل آٹھ مشتبہ افراد میں سے تین ڈاکٹر جن میں ایک خاتون بھی شامل ہیں پر الزام ہے کہ وہ لال قلعے کے قریب ہونے والے دھماکے کے ذمہ دار ہیں۔ ملزم ڈاکٹر عمر نبی کی شناخت اس شخص کے طور پر ہوئی ہے جو دھماکے کے وقت ہنڈائی i20 کار چلا رہا تھا۔تینوں گرفتار ڈاکٹروں کو حراست میں لے لیا گیا ہے، جبکہ ڈاکٹر عمر کار دھماکے میں ہلاک ہوگیا۔ حکام کے مطابق، تمام گرفتار افراد ایک ایسے "بین الاقوامی دہشت گرد گروہ" کا حصہ ہیں جو مختلف پیشہ ور افراد پر مشتمل ہے، جن میں ڈاکٹر، مذہبی علما اور تاجر شامل ہیں۔
ابتدائی تحقیقات میں حکام نے کہا ہے کہ یہ دھماکہ دراصل ایک منظم سازش کا حصہ تھا جس کے تحت کئی مقامات پر حملے کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی تھی۔ لال قلعے پر i20 کار دھماکے کے بعد حکام نے متعدد گاڑیاں ضبط کی ہیں، جن میں ایک ایکوسپورٹ اور ایک بریزا شامل ہیں، جبکہ دیگر مشتبہ گاڑیوں کی تلاش جاری ہے۔ اسی دوران دہلی پولیس نے تصدیق کی کہ لال قلعے کے قریب کار دھماکہ کرنے والا شخص ڈاکٹر عمر ان نبی ہی تھا، جس کی تصدیق ڈی این اے فرانزک ٹیسٹ کے ذریعے اس کی والدہ کے نمونے سے مطابقت کے بعد ہوئی۔ 10 نومبر کو قومی دارالحکومت میں لال قلعہ کمپلیکس کے قریب کار دھماکے میں 12 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔