نئی دہلی/ آواز دی وائس
ملک کی راجدھانی دہلی میں بڑھتی ہوئی آلودگی کئی طرح کی خطرناک بیماریوں میں اضافہ کر رہی ہے۔ ادارہ لوکل سرکل کے سروے سے معلوم ہوتا ہے کہ دہلی-این سی آر میں زہریلی ہوا اب صرف ایک ماحولیاتی مسئلہ نہیں رہی، بلکہ یہ تیزی سے بڑھتا ہوا عوامی صحت کا بحران بن چکی ہے۔ دہلی کے 82 فیصد باشندے یہ مان رہے ہیں کہ ان کے قریبی لوگوں میں آلودگی سے جڑی سنگین بیماریاں بڑھ رہی ہیں۔ دہلی کے اسپتالوں میں سانس اور دل سے متعلق بیماریوں کے کیسز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ دہلی میں رہنے والے 73 فیصد افراد کو خدشہ ہے کہ وہ اپنے خاندان کے لیے طویل مدتی صحت کی دیکھ بھال کے اخراجات برداشت نہیں کر پائیں گے۔
۔8 فیصد لوگ دہلی چھوڑنے کے لیے تیار
دہلی میں ان سنگین صحت سے متعلق مسائل کے باوجود زیادہ تر لوگ اپنی روزی روٹی اور ذریعۂ معاش کی وجہ سے شہر چھوڑنے سے قاصر ہیں۔ لوکل سرکل کے سروے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ 8 فیصد ایسے لوگ ہیں جو آلودگی کی وجہ سے دہلی چھوڑنا چاہتے ہیں۔
۔80 فیصد نان اسموکرز کو ہو رہا ہے پھیپھڑوں کا کینسر
دہلی کے معروف چیسٹ اسپیشلسٹ ڈاکٹر اروند کمار کا کہنا ہے کہ دہلی-این سی آر کے لوگ ایئر پیوریفائر لگا کر بھی خود کو زیادہ محفوظ نہیں رکھ سکتے، کیونکہ آلودگی کی سطح اتنی زیادہ ہے اور ہر جگہ پھیلی ہوئی ہے کہ اس سے بچنا تقریباً ناممکن ہو چکا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پھیپھڑوں کے کینسر کے مریضوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، خاص طور پر 80 فیصد نان اسموکر افراد اس بیماری کی زد میں آ رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ ریکھا گپتا نے پچھلی حکومتوں کو ذمہ دار ٹھہرایا
دہلی کی وزیراعلیٰ ریکھا گپتا نے منگل کو ایک سوال کے جواب میں کہا کہ چاہے دہلی میں پانی جمع ہونے کا مسئلہ ہو یا آلودگی کا، یہ سب پچھلی حکومتوں کی غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہے، جس کا خمیازہ دہلی کی عوام بھگت رہی ہے۔ ہم اپنی طرف سے پوری کوشش کر رہے ہیں کہ حالات کو معمول پر لایا جائے۔ اس کے مثبت نتائج ضرور سامنے آئیں گے، تاہم اس میں کچھ وقت لگے گا۔