دہلی پولیس نے 3,580.4 کلو غیر قانونی آتش بازی ضبط کی

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 27-09-2025
دہلی پولیس نے  3,580.4 کلو غیر قانونی آتش بازی ضبط کی
دہلی پولیس نے 3,580.4 کلو غیر قانونی آتش بازی ضبط کی

 



نئی دہلی:دہلی پولیس نے مغربی دہلی کے راجوری گارڈن میں ایک رہائشی مکان سے 3,580.4 کلوگرام غیر قانونی آتش بازی برآمد کر لی، جسے گودام کے طور پر استعمال کیا جا رہا تھا۔ پولیس کے مطابق ایک شخص، اس کی اہلیہ اور بیٹے کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا جب وہ آتش بازی کو دوبارہ پیک کر کے سپلائی کے لیے تیار کر رہے تھے۔پولیس کے مطابق یہ آتش بازی میرٹھ، گڑگاؤں اور غازی آباد سے منگوائی گئی تھی تاکہ دہلی میں منافع کمانے کے لیے فروخت کی جا سکے، حالانکہ اس پر سپریم کورٹ کی جانب سے مکمل پابندی عائد ہے۔

پولیس نے بتایا کہ آنے والے تہواروں کے پیش نظر فیلڈ ٹیموں کو ہدایت دی گئی تھی کہ وہ آتش بازی پر عائد پابندی کی خلاف ورزیوں کو سختی سے چیک کریں اور بڑے سپلائرز یا ذخیرہ کرنے کے مقامات کا سراغ لگائیں۔ مصدقہ اطلاع کی بنیاد پر جمعرات کی صبح ایک ٹیم نے چھاپہ مار کارروائی کی۔

چھاپے کے دوران راجوری گارڈن کے وشال انکلیو علاقے میں واقع ایک مکان میں بڑی مقدار میں آتش بازی ذخیرہ ملی جو مکان کے مختلف حصوں میں رکھی گئی تھی۔ گھر کے افراد موقع پر ہی پیکنگ کر کے چھوٹے کنسائنمنٹس تیار کر رہے تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اس برآمدگی کے ذریعے نہ صرف سپریم کورٹ کے احکامات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا گیا بلکہ ایک گنجان علاقے میں بڑے پیمانے پر ممکنہ آگ لگنے کے حادثے کو بھی روکا گیا۔

تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ یہ خاندان موٹی نگر میں نمکین اور دیگر خوردنی اشیاء کی دکان چلاتا ہے، تاہم خفیہ طور پر میرٹھ، گڑگاؤں اور غازی آباد سے غیر قانونی آتش بازی منگوا کر تہواروں کے موقع پر منافع کمانے میں مصروف تھا۔